بھارتی ریاست بہار میں مسلم طالبات کا حجاب اتارنے سے انکار، امتحانی مراکز میں داخلہ بند
Advertisement
بھارتی ریاست بہار میں مسلم طالبات کا حجاب اتارنے سے انکار کے بعد کالج انتظامیہ نے طالبات کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے سے روک دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے شہر مظفر پور میں متعدد مسلم طالبات کو حجاب اتارنے سے انکار پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے لئے قائم امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کالج انتظامیہ کی جانب سے مسلم طالبات کو پاکستان چلے جانے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’مظفر پور کے مہیلا کالج اور ایم ڈی ڈی ایم کالج کی مسلم طالبات کا کہنا ہے کہ جب وہ انٹرمیڈیٹ کے سینٹ اپ کا امتحان دینے کیلئے امتحانی مرکز گئیں تو وہاں موجود پروفیسر روی بھوشن نے انہیں حجاب اتار کر مرکز میں داخل ہونے کیلئے کہا‘۔
طالبات کا کہنا تھا کہ ہمارے انکار کے بعد پروفیسر نے انہیں غدارقراردیتے ہوئے پاکستان چلے جانے کیلئے کہا جب کہ پروفیسر کے امتیازی سلوک کے بعد مسلم طالبات نے کالج میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
طالبات کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی مٹھن پورہ تھانہ کی پولیس کالج پہنچ گئی تھی۔
Advertisement
واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کا معاملہ شدت اختیار کرنے کے بعد بھارت بھر میں پھیل گیا ہے۔
Advertisement
دوسری جانب سپریم کورٹ کا دو رکنی بنچ بھی اس سلسلے میں دائر درخواستوں پر کسی قسم کا فیصلہ سنانے سے قاصر رہا ہے۔
عدالت عظمی نے 13 اکتوبر کو حجاب پر پابندی کے بارے میں ایک منقسم فیصلہ سناتے ہوئے یہ معاملہ لارجر بنچ کو ریفر کر دیا ہے۔
Advertisement