انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاہین آفریدی کو آرام کروانے کا فیصلہ
قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہین آفریدی کو بڑی انجری سے بچانے اور ان کے مستقبل کے پیشِ نظر ٹیم مینجمنٹ نے انہیں آرام کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہین آفریدی انگلینڈ کے خلاف یکم دسمبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق وطن واپسی پر شاہین آفریدی کا مکمل میڈیکل اسکین ہوگا جس کی رپورٹ کو دیکھتے ہوئے ان کا ری ہیب پلان تشکیل دیا جائے گا۔
شاہین آفریدی کی جگہ ٹیم میں حارث رؤف کو ٹیسٹ ڈیبیو کروایا جائے گا جب کہ وطن واپسی کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت سے باقاعدہ ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران شاہین شاہ آفریدی کا گھٹنا کیچ لینے کے دوران زمین پر جا لگا تھا جس کے باعث ان کے درد میں اضافہ ہوگیا ہے۔
Advertisement
شاہین آفریدی گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے اپنا اوور بھی مکمل نہیں کرپائے تھے اور انہیں 16 ویں اوور کی پہلی گیند کروانے کے بعد باہر جانا پڑا تھا۔ بعد ازاں شاہین کی جگہ افتخار احمد نے ان کا اوور مکمل کیا تھا۔
Advertisement