سفارت خانہ پاکستان کا بیروت میںپاکستانی ثقافتی دن کا انعقاد۔
سفیر سلمان اطہر پاکستانی ثقافت اور تجارت کے فروغ کے لیئے متحرک
بیروت(نیوزڈیسک)لبنان میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیرسلمان اطہرکی سرپرستی میں عوامی سفارت کاری کے اقدامات کے ایک پہلوکے طور پر، سفارت خانہ پاکستان بیروت نے امریکن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کے تعاون سے بیروت میں پاکستانی ثقافتی دن کا انعقاد کیا۔ تقریب کی جھلکیوں میں پاکستانی کھانوں، موسیقی اور فن پاروں کی نمائش، مختصر ویڈیوز، کتابیں اور پینافلیکس شامل تھے تاکہ طلباء میں پاکستانی ثقافت کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔اس موقع پرپاکستان کے سفیرسلمان اطہر نے کہا قوموں کی پہچان ثقافت سے ہوتی ہے۔ ہر قوم کی الگ ثقافت ہوتی ہے ثقافت کسی بھی معاشرے کے لیے روح کی حیثیت رکھتی ہے۔ اخلاقی و معاشرتی رسوم، علوم و فنون، عقائد و افکار کے مجموعے کو ثقافت خیال کیا جاتا ہے۔ علاقے کا رہن سہن، کھانا پینا، اُٹھنا بیٹھنا، لوگوں سے میل جول اور انداز گفتگو ، موسم، کھیل کود ،شادی بیاہ و دیگر رسومات بھی ثقافت میں شمار ہوتی ہیں۔ ثقافت کو اتحاد کی علامت بھی قرار دیا جاتا ہے۔پاکستان ایک وسیع اور متنوع ثقافت رکھنے والا ملک ہے۔ثقافتی دن کی مناسبت سے تقریب میں شریک مہمانوں کی تواضع روائتی پاکستانی کھانوں اوراسنیکس سے کی گئی جسے تمام مہمانوں نے بہت پسندکیا اورپاکستانی کھانوں کی خوشبو اورذائقے کوبہت سراہا۔