ہوپ تحقیقاتی مشن تمام عربوں کی کامیابی اور ہر اماراتی کے لئے فخر کا باعث ہے:محمد بن راشد
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے 15 جولائی کو مریخ پر بھیجے جانے والے تحقیقاتی مشن ہوپ کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اجلاس کی صدارت دبئی کے ولی عہد اور محمد بن راشد خلائی مرکز ایم بی آر ایس سی کے صدر ، شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کی۔ امارات کے مریخ مشن کا مقصد خلائی صنعت میں متحدہ عرب امارات کے داخلے کو مستحکم کرنا ، خلائی سائنس اور انجینئرنگ میں ملک کی صلاحیتوں کو فروغ اور خلائی تحقیق کی عالمی کوششوں میں اماراتی نوجوانوں اور عرب صلاحیتوں کو بہتر بناناہے۔ شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ ہوپ تحقیقاتی مشن متحدہ عرب امارات کے نقطہ نظر ، فلسفہ اور قیام کے بعد سے ترقی کے تیز رفتار سفر کی نمایاں خصوصیات کا مظہر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خلائی سفر ہر عرب شہری کے لئے امید کا پیغام ہے کہ ہم علم کی دوڑ میں عظیم تر اقوام کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہوپ تحقیقاتی مشن ہر عرب کی کامیابی اور ہر اماراتی کے لئے باعث فخر اور ہمارے انجینئروں کے لئے ایک اہم کامیابی ہے۔
شیخ محمد نے امارات کے مریخ مشن کی ٹیم سے ایسے وقت میں ملاقات کی جب ملک جاپان کے جزیرے تینیگشیما سے نوویل کورونا وائرس کی عالمی وبا سے درپیش چیلنجوں کے باوجود شیڈول کے مطابق لانچنگ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ملاقات کے دوران امارات مریخ مشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عمران شرف کی جانب سے انہیں لانچ سے پہلے کی حتمی تیاریوں کے بارے میں بتایا اس ملاقات میں کابینہ امور اور مستقبل کے وزیر ، محمد بن عبد اللہ القرقاوی ، امارات کی خلائی ایجنسی کے چیئرمین ڈاکٹرأحمد بلهول، ایم بی آر ایس سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حمد عبید المنصوری بھی موجود تھے۔ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ ہوپ تحقیقاتی مشن ہمارے سینکڑوں نوجوان انجینئرز اور مشن پر کام کرنے والے ماہرین پر مشتمل قومی خزانے کو اجاگر کرتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "کورونا وائرس سے درپیش چیلنجوں کے باوجود ، ہم تاریخی خلائی مشن کی طے شدہ شیڈول کے مطابق لانچنگ کرنے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہوپ تحقیقاتی مشن بنی نوع انسان کے لئے امید کا پیغام ہے۔ ہمارے خلائی مشن کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ ہوپ تحقیقاتی مشن 15 جولائی2020 کو لانچ کیا جائے گا یہ تاریخ زمین اور مریخ کے مدار کے محتاط سائنسی جائزے کے بعد مقرر کی گئی ہے جو 13اگست تک قابل توسیع ہے۔ بغیر آدمی کے اس تحقیقاتی مشن کے فروری 2021 میں مریخ کے مدار میں پہنچنے کی امید ہے
جب متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی منائی جارہی ہوگی۔ یہ تحقیقاتی مشن مریخ کے ماحول اور اس کی تہوں کی پہلی بار تصویر فراہم کرے گا۔ یہ مریخ کے ماحول کے بارے میں سائنسی معلومات اکٹھا کرے گا جن کا پوری دنیا کے سائنسی شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ کیا جائے گا۔یہ اعدادوشمار ہمارے اپنے سیارے کے بارے میں ماضی اور مستقبل کی معلومات اور مریخ پر انسانی زندگی کے امکانات کے حوالے سے ہوں گے۔ امارات کا مریخ مشن، مریخ کی بالائی فضا کے تحلیل ہونے اوراس کے ماحول کی نچلی اور بالائی تہوں کے مابین تعلق کا پتہ چلائے گا ۔ یہ مریخ کی آب و ہوا اور موسمی تبدیلیوں کا پہلی بار جائزہ لے گا جس میں گرد کے طوفان ، درجہ حرارت میں تبدیلی اور ماریخ کی سطح کے زنگ آلودہونے کی تحقیات کرے گا
(وام)