متحدہ عرب امارات ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ
اماراتی فیلڈ ٹیموں نے پاکستان کے جنوب میں 75 ہزار سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنا شروع کردیا
ابوظہبی :(اردوویکلی):: صدریواے ای عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید ال نھیان کی ہدایت ، ولی عہد ابوظہبی وڈپٹی سپریم کمانڈرمسلح افواج یواے ای عزت مآب شیخ محمد بن زاید ال نھیان کی حمایت اور نائب وزیراعظم و وزیر برائے صدارتی امور اور صدر خلیفہ بن زاید ال نھیان فاؤنڈیشن عزت مآب شیخ منصور بن زاید ال نھیان کی نگرانی میں اماراتی فیلڈ ٹیموں نے پاکستان کے جنوبی علاقوں میں سیلاب کے باعث پھنسے 75 ہزار افراد کو ریسکیو کرنا شروع کردیا ہے ، ان سیلاب متاثرین کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے کا امکان بھی ہے – پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراھیم الزعابی اور کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر سالم علی الظنحانی نے اس امدادی عمل کیلئے صوبہ سندھ کا دورہ کیا اور وزیراعلی سید مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کی ۔ اس دورے میں الزعابی نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے وزیراعلی سے دلی افسوس کا اظہار بھی کیا – الزعابی نے مقامی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعلی کے ہمراہ امدادی عمل کے پہلے مرحلے میں فوری امداد کی اشیاء ادویات ، خیمے ، کمبل اور خوراک وغیرہ تقسیم کی ، امداد فراہمی کا یہ عمل ایک ماہ تک جاری رہے گا – انہوں نے ہنگامی امداد کی فراہمی کے ایک موقع پر ، گورنر سندھ عمران اسماعیل کی موجودگی میں خطاب بھی کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کی جارہی ہے
۔ سفیر الزعابی اور عمران اسماعیل نے دونوں ممالک کی دلچسپی سے متعلق امور اور اقتصادی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا ۔ سفیر نے متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق گورنرسندھ عمران اسماعیل کو آگاہ بھی کیا اور بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری ایونٹس ، دوروں کے تبادلے ، کانفرنسز اور ورکشاپس کے انعقاد کے وسیع مواقع موجود ہیں – ان ملاقاتوں میں الزعابی نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو مرحوم شیخ زاید بن سلطان النھیان کے دور میں قائم ہوئے تھے – وزیراعلی سندھ نے دونوں ممالک میں تعلقات کی صورتحال کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کی اہمیت بھی بیان کی ۔اور مشکل کی اس گھڑی میں ہمیشہ کی طرح ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کی عوام اورحکومت کاشکریہ اداکیا۔