عمرہ اور زیارت کے ویزوں کے اجرابارے سعودی حکومت کا اہم اعلان
عمرہ کی ادائیگی کے لیے 4 اکتوبر سے اجازت دینے کا اعلان
عمرہ اور زیارت کے لیے اجازت نامہ ’اعتمرنا‘ ایپلی کیشن سے حاصل کرنا ہو گا جو 26 ستمبر سے شروع ہوگی
مکہ المکرمہ(اردوویکلی):: عمرہ کی ادائیگی کے لیے 4 اکتوبر سے اجازت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پہلے مرحلے میں صرف سعودیہ میں مقیم غیرملکی اور مقامی باشندے عمرہ اور زیارت کی سعادت حاصل کر پائیں گے۔ جن کی یومیہ تعداد 6 ہزار تک محدود ہو گی۔ سعودی وزارت حج کے اعلان کے مطابق جو افراد عمرہ اور زیارت کے خواہش مند ہیں۔انہیں ’اعتمرنا‘ ایپلی کیشن سے اجازت نامہ حاصل کرناہو گا۔ یہ اعتمرنا ایپلی کیشن 10 صفر بمطابق 26 ستمبر سے لا نچ کی جائے گی اور موبائل صارفین اسے ڈاوٴن لوڈ کرسکتے ہیں۔عمرہ یا مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیئے سب سے پہلے خود کو شناختی کارڈ یا اقامہ نمبر کے ذریعہ رجسٹر کرنا ہوگا۔ ’ایپلی کیشن میں تین آپشن دیئے جائیں گے، عمرے کی ادائیگی، حرم میں نماز یا مسجد نبوی شریف کے روضہ اطہر میں نماز کی ادائیگی، ان میں سے کسی ایک آپشن پر کلک کرنا ہوگا‘۔پھر صارف کو دن اور وقت کا آپشن دیا جائے گا جسے پسند کرنے کے بعد طے شدہ دن اور وقت پر صارف کو مکہ مکرمہ میں قائم کیے جانے والے مراکز میں جمع ہونا ہوگا ان مراکز کی تفصیل بعد ازاں جاری کی جائے گی۔ یہاں پہنچ کر موجود اہلکار کو اپنا اجازت نامہ دکھانا ہوگا‘۔’حفاظتی واحتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اور ہدایات کی پابندی کے ساتھ عمرہ ادا کرنا ہوگا‘۔’عمرہ کی ادائیگی کے بعد دوبارہ اسی مرکز کی طرف واپس آنا ہوگا‘۔وزارت نے کہا ہے کہ ’صارف عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں قیام کرنا چاہے تو اسے اختیار ہوگا البتہ حرم میں نماز کی ادائیگی کے لیے اسے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔