
قومی ایئر لائن کی پروازوں میں مسلسل تاخیر اب عام شہریوں کے ساتھ ساتھ فنکاروں کو بھی متاثر کرنے لگی۔
پاکستانی اداکارہ سبین فاروق کے بعد عائشہ عمر نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے تجربے سے آگاہ کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر جیو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامے ’تیرے بن‘ کے منفی کردار سے شہرت کی بلندیاں چھونے والی اداکارہ سبین فاروق نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے قومی ایئر لائن میں نوجوانوں کو بھرتی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اداکارہ نے انسٹااسٹوری میں لکھا ہے کہ ان کی پرواز کو 16 گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور شکایت کرنے پر پی آئی اے کے ملازمین کی جانب سے تلخ رویہ بھی برداشت کرنا پڑا۔

اداکارہ نے اس کے ساتھ ہی نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں کے مواقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔
اداکارہ سبین فاروق کے بعد عائشہ عمر نے بھی ان کی تائید کی اور انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’بالکل میں اس وقت لاہور ایئر پورٹ پر پھنسی ہوئی ہوں، میری فلائٹ بھی مسلسل ایک ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہو رہی ہے اور کوئی درست معلومات فراہم نہیں کر رہا‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ایندھن کی عدم فراہمی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا شیڈول درہم برہم ہے۔