الحوسن ایپ میں تیکنیکی خرابی کی وجہ سے گرین پاس کی شرط معطل۔
سروسز کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں
ابوظہبی (اردوویکلی)::ابوظبی کی حکومت نے 15 جون کوابوظہبی بھر میں پبلک مقامات پر داخلے کے لیے الحوسن ایپ پر گرین پاس شوکرنے کی شرط عائد کردی تھی۔ یہ پابندی شاپنگ مالز،ریسٹورنٹس ،جیم ،ساحلی اور تمام پبلک مقامات پرجانے والے تارکین وطن اور مقامی افراد پرعائد کی گئی تھی صرف وہی افراد ان جگہوں پرجاسکیں گے جو الحوسن ایپ پر گرین پاس دکھائیں گے، جن افراد کے پاس گرین پاس نہیں ہو گا، انہیں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔تاہم اس پابندی کو تین روز بعد ہی تکنیکی خرابی کی وجہ سے معطل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ الحوسن ایپ پر گرین پاس کی شرط عائد ہونے کے بعدصارفین کو کچھ تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کی وجہ سے اس پابندی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔