سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے گلف فوڈ 2025 دبئی میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کر دیا

63

 سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے گلف فوڈ 2025 دبئی میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کر دیا

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی قیادت میں 45 پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شرکت کررہی ہیں

دبئی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ گلف فوڈ 2025 کے 30 ویں ایڈیشن میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش دنیا کی سب سے بڑی فوڈ اینڈ بیوریج ٹریڈ نمائشوں میں سے ایک ہے جس میں 129 ممالک کے 5 ہزار پانچ سو سے زیادہ نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں قونصل جنرل حسین محمد اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اورپریس قونصلرصالح محمدبھی موجود تھے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی سربراہی میں 45 پاکستانی کمپنیاں بھی نمائش میں شریک ہیں اور میں زراعت پر مبنی مصنوعات کی ایک وسیع رینج کی نمائش کی جارہی ہے جس میں چاول، اناج، گوشت، دودھ، مصالحہ جات، پنیر، تیار غذائیں، بیکری مصنوعات کے ساتھ ساتھ نمک، ہربل مصنوعات، شہد، باغبانی، جوسز اور مشروبات بھی شامل ہیں۔مجموعی طور پر 200 سے زیادہ پاکستانی کمپنیاں بھی نجی طور پر گلف فوڈ 2025 میں حصہ لے رہی ہیں جو عالمی فوڈ مارکیٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی عکاسی کرتی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کی بھر پور شرکت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ بہت فخرکا لمحہ ہے کہ ٹی ڈی اے پی کی سرپرستی میں 45 کمپنیوں کے ساتھ ساتھ مزید 200 پاکستانی کمپنیاں بھی نجی طور پر اس قابل فخر نمائش میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائشی سٹالز بہترین انداز میں ڈیزائن کئے گئے ہیں اور حکمت عملی کے تحت بہترین مقامات پر واقع ہیں جو بڑی تعداد میں مقامی اور عالمی خریداروں کو راغب کرنے کرنے کیلئے وسیع گنجائش کے حامل ہیں۔ ہماری مصنوعات بشمول باسمتی چاول، مصالحہ جات، پنک سالٹ اور پنیر سمیت دیگر مصنوعات میں گہری دلچسپی لی جا رہی ہے۔
سفیرفیصل نیازترمذی نے پاکستان کی زرعی شعبہ کی برآمدات اور خاص طور پرمڈل ایسٹ نارتھ افریقہ(مینا) خطے میں پاکستان کے کلیدی تجارتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر متحدہ عرب امارات کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلف فوڈ باہمی تعاون اور جدت طرازی کے لئے ایک بے مثال پلیٹ فارم ہے جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کوعالمی کاروباری رہنمائوں کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ معلومات کے تبادلے، نیٹ ورکنگ اور کاروباری روابط کا فروغ زیادہ سے زیادہ کاروبار کرنے کے قابل بناتا ہے۔ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر علی زیب خان نے کہا کہ مالی سال 2024 میں پاکستان کی زراعت اور خوراک کی عالمی برآمدات 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
جن میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ نمو چاول، مکئی، تل، گوشت، پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں نمایاں اضافے کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر شبیر مرچنٹ نے متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے کونسل کے عزم پر زور دیتے ہوئے پاکستانی نمائش کنندگان سے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک فیصل جہانگیر نے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور پاکستان قونصل خانہ دبئی کے کمرشل سیکشن کی حمایت اور سہولیات کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا جو گلف فوڈ جیسی بڑی عالمی تجارتی سرگرمیوں میں پاکستان کی شرکت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }