ابوظہبی(اردوویکلی):: وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون یواے ای عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی پولیو ویکسینیشن مہم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان اسسٹنس پروگرام (یو اے ای پی اے پی) کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغفلی اور ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ فون پر ہونے والی گفتگو میں شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کہاکہ آج ہمارے عزم اور متحدہ عرب امارات کی پولیو ویکسینیشن کی کامیاب مہمات کی بدولت ہم پولیو سے پاک دنیا کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہیں۔ پولیو کے سالانہ عالمی دن 24 اکتوبر کے موقع پر ، شیخ عبداللہ نے پولیو مہم کی ٹیم کے اراکین اور ویکسین لینے والے بچوں کو تہنیتی پیغام ارسال کیا۔ اس مہم کے ذریعے 2014 سے ستمبر 2021 تک پاکستان میں 10کروڑ20لاکھ سے زیادہ بچوں کو58کروڑ32لاکھ،40ہزار876 پولیو کی خوراکیں پلائی گئیں۔ شیخ عبداللہ نے کہا کہ پاکستان میں مہم کے ذریعے حاصل ہونے والی نمایاں کامیابی صدر شیخ خلیفہ بن زاید آلنھیان کی ہدایات ،ولی عہد ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈرعزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی حمایت کے ساتھ نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے صدارتی امور عزت مآب شیخ منصور بن زاید آل نھیان کی ذاتی دلچسپی ونگرانی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ آسان مشن نہیں ہے ، بین الاقوامی تعاون کا فروغ اور شراکت داری ان اہم عوامل میں سے ہیں جواس حوالے سے پیش رفت کو برقرار رکھنے میں مدد کریں گے۔ شیخ عبداللہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے انسانی ہمدردی کے ایک اہم کام کی سوچ بیڑا اٹھاتے ہوئے اس کے اہم اقدامات کو اجاگرکیا ہے انہوں نے اماراتی فیلڈ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مہم کے مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد کی۔ اس موقع پرعبداللہ خلیفہ الغفلی نے کہا کہ یہ مہم لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچانے اور ان کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے عزم کا اظہار ہے۔(نیوزبشکریہ وام)