وام اور موریطانیہ کی نیوز ایجنسی میں میڈیا تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط
دبئی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی، امارات نیوز ایجنسی (وام) نے موریطانیہ کی نیوز ایجنسی (اےایم آئی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مفادات اور خواہشات کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان خبروں اور میڈیا مواد کے تبادلوں کے لئے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ وام کے دبئی دفترمیں معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل (وام) محمد جلال الریسی اور موریطانیہ کی نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد فال عمير باي نے مفاہمت کی یاداشت پردستخط کئے جس کا مقصد دونوں خبر ایجنسیوں کے درمیان میڈیا مواد اور میڈیا سبسکرپشن سروس کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اس موقع پرمحمدجلال الریسی نے اے ایم آئی کے ڈائریکٹر جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے، اس معاہدے کی اہمیت پر زور دیا جو دنیا کی تیز رفتار ترقی کے مطابق میڈیا تعلقات کو مضبوط بنانے اورترقی دینے میں مدد کرے گا۔ مفاہمت سے دونوں ممالک میں ثقافتی اور تہذیبی منظر نامے کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ محمدفال عمیرباي نے امارات نیوز ایجنسی کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وام کی جدید ٹیکنالوجیز نے اسے علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں میڈیا اور خبروں کی موجودگی میں اضافہ کرنے کے قابل بنایا ہے۔یہ مختلف شعبوں بالخصوص میڈیا میں گہرے تعلقات اور تعاون کی روشنی میں دونوں برادر ممالک کے درمیان انسانی روابط کو مستحکم بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی دنیا جہاں گمراہ کن معلومات اور دقیانوسی تصورات غالب ہیں، ہمارے شراکت عمل اور مضبوط تاریخی تعلقات پر مبنی شراکت داری کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایکسپو 2020 دبئی میں پیش کردہ انتہائی جدید ٹیکنالوجیز اور مستقبل کے جدید منصوبوں کو بھی سراہا، جو دنیا بھر کی اقوام اور معاشروں کی زندگیوں کو سہل بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی کی کامیابی چیلنجز سے نمٹنے اور انہیں مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے عزم اور مضبوط ارادے کی عکاسی کرتی ہے جو پوری انسانیت کی خدمت ہوگی(نیوزبشکریہ وام)