کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 6 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق ایس آئی یو کی پولیس پارٹی کا صدر پارسی اسکول کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
زخمی ملزم کی شناخت 30 سالہ عبید الرحمان کے نام سے ہوئی جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
شارع نورجہاں پولیس کا نارتھ ناظم آباد بلاک آر، کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں عبدالرحمان نامی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس کے رحمانیہ موڑ، نارتھ کراچی کے قریب مبینہ مقابلے میں ہاشم نامی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
عزیز بھٹی پولیس کا گلشن اقبال بلاک 13-C، غفور اپارٹمنٹ کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی ملزم شعیب کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل محمد عیسیٰ بھی پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
دوسری جانب قائدآباد پولیس کا لانڈھی ریڑھی روڈ، احسان گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت نسیم اللہ اور شیر حسین کے نام سے ہوئی، جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔