تھیلے کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوگیا، عوام کیلئے پریشان کُن خبرآگئی
لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے فلور ملوں کے لئے گندم کی اجرائی قیمت بڑھانے کی منظوری کے بعد سے فلور ملز نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 13 روپے اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔بیس کلو آٹے کا تھیلا805 روپے کے بجائے 818 روپے میں دستیاب ہوگا ،قبل ازیں محکمہ خوراک پنجاب نے سرکاری
گندم کی فی من قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا ۔ذرائع کے مطابق کابینہ کی طرف سے گندم کی قیمت میں اضافہ کی منظوری کے بعد فلور ملوں کے لئے فی من گندم کی ریلیز پرائس کو 1375 سے بڑھا کر 1400 روپے کر دیا گیا جس کااطلاق فوری طور پر ہوگاجبکہ گندم کہ موجودہ ریلیز کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اس ضمن میں فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ اب 20کلو کے تھیلے کی مل قیمت 796روپے کردی گئی ہے جبکہ پرچون میں اس کی قیمت 805 روپے سے بڑھا کر 818 روپے کر دی گئی ہے تاہم یہ ریٹس پنجاب حکومت کی00 14روپے فی من گندم کی سپلائی سے مشروط ہیں۔ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1450 روپے فی من ہے اگر محکمہ خوراک پنجاب نے ملوں کو گندم کی سپلائی بند کر دی تو قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ہو سکتا ہے ۔