قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ کوئی محب وطن پاکستانی پاک فوج پر تنقید نہیں کر سکتا۔
اپنے بیان میں عامر سہیل نے کہا کہ پاک فوج کا جب بھی نام آئے گا تو اس کی عزت اور تکریم تو ہو گی۔ پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پوری دُنیا معترف ہے۔
عامر سہیل نے کہا کہ پاک فوج قومی سَلامتی کی محافظ اور ضامن ہے۔ پاک فوج ہر وقت بیرونی خطرات اور اندرونی خلفشار کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہتی ہے۔ پاک فوج پاکستانیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔
سابق قومی کپتان نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پاک فوج کی قیادت کی، انہوں نے آپریشن ردّالفساد کامیابی سے ہمکنار کر وایا۔ 2019 میں دُشمن کو بھرپور طریقے سے جواب دیا۔
عامر سہیل نے کہا کہ میں پاک فوج کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جو بھی محب وطن پاکستانی ہے وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ چاہے جو بھی حالات ہوں، ہم آپ کے حوصلے پست نہیں ہونے دیں گے۔ یہ چند لوگ جلد خاموش ہو جائیں گے، آپ اپنا کام کرتے رہیں اور ہمیں اپنا سَر فخر سے اٹھاتے رہنے کی وجہ دیتے رہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ کوئی محب وطن پاکستانی پاک فوج تنقید نہیں کر سکتا، یہ ہمارا ملک ہے۔سارے پاکستانی محب وطن ہیں۔