چین میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے واقعے میں اب تک ایک خاتون سمیت 6 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ درجنوں تاحال لاپتا ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔
یہ واقعہ جمعہ کی سہ پہر چین کے وسطی شہر چینگشا میں پیش آیا تھا۔ مقامی حکام کے مطابق جمعہ کی رات تک پانچ افراد کو ریسکیو کر لیا گیا تھا جبکہ ملبے تلے دبی ایک خاتون کو آج زندہ حالت میں نکالا گیا ہے۔
مقامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس چھ منزلہ عمارت میں ایک ہوٹل، کئی اپارٹمنٹس، دکانیں اور ایک سنیما واقع تھے۔
چینگشا شہر کے میئر کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے میں پھنسے افراد سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے گزشتہ روز امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور واقعے کی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ ارسال کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
مقامی پولیس نے متاثرہ عمارت کے مالک اور اس کی تعمیر میں شامل انجینیر اور ٹھیکیدار کو آج حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کا تعلق ایک نجی بلڈنگ انسپیکشن ادارے سے ہے۔ ان افراد نے مبینہ طور پر متاثرہ عمارت میں واقع سنیما کی جعلی بلڈنگ سیفٹی آڈٹ رپورٹ بنائی تھی۔