پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ شان مسعود مستقبل میں وائٹ بال اسکواڈز کے لیے منتخب ہونے کے قریب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شان مسعود، جو اس وقت امام الحق اور عبداللہ شفیق کے بعد تیسرے اوپنر کے طور پر ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں، اپنے کلب ڈربی شائر کے لیے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سے ایک رہے ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ شان مسعود پاکستانی ٹیم سے زیادہ دور نہیں ہیں وہ تیسرے اوپنر کے طور پر ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں، اور وہ وائٹ بال کے قریب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس وائٹ بال کرکٹ میں ٹاپ ہیوی لائن اپ ہے، ہمارا اگلا غور شاید اسے کسی اور پوزیشن پر موقع دینا ہے اور میں اس بارے میں شان مسعود سے رابطے میں ہوں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے مزید کہا کہ ہم شان مسعود کو مڈل آرڈر میں آزمانا چاہتے ہیں اور اس لیے ہم انتظار کریں گے کہ وہ کسی ڈومیسٹک یا لیگ میں اس کردار کو نبھائیں۔
Advertisement
واضح رہے کہ کاؤنٹی چیمپئین شپ میں اب تک شان مسعود 844 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ بین کامپٹن 878 رنز کے ساتھ چارٹ میں سرفہرست ہیں۔