یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں نے ایک روسی جنرل کی یوکرین میں جاری جنگ کے دوران ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میجر جنرل رومان کوتوزو کی ہلاکت کی خبر اس سے قبل روس کے سرکاری چینل سے وابستہ ایک جنگی نامہ نگار نے دی تھی تاہم، اس کی تصدیق ماسکو نے ابھی تک سرکاری سطح پر نہیں کی ہے۔
یوکرین کے شہر ڈونٹسک میں یوکرین کے روس نواز علیحدگی پسندوں کے لیڈر ڈینس پوشلین کا کہنا ہے کہ میں جنرل رومان کوتوزو کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ کوتوزو نے اپنے عمل سے دکھایا کہ کس طرح وطن کی خدمت کی جاتی ہے۔
یاد رہے، رواں برس 24 فروری کو جب روس نے اپنی افواج یوکرین بھیجیں تب اس وقت سے اب تک یوکرین کی فوج نے روس کے کئی فوجی افسران کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم روس نے اب تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔
علاوہ ازیں، مارچ کے آخر میں سینکڑوں افراد یوکرین سے الگ ہونے والے خطے کریمیا میں روس کے بلیک سی فلیٹ کے ڈپٹی کمانڈر اندرئی پالی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جمع ہوئے تھے جو کہ یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپل میں لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے تھے۔اپریل میں روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں میجر جنرل ولادیمیر فرولو کی آخری رسومات ادا کی گئی تھی۔ اس وقت مقامی حکام نے تصدیق کی تھی کہ وہ یوکرین میں ہلاک ہوگئے تھے۔
Advertisement