جوز بٹلر اور خاتون کھلاڑی ہیتھر نائٹ کے بعد ڈیوڈ ملان تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے تیسرے انگلش بلےباز بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق نیدر لینڈز کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ڈیوڈ ملان نے سنچری اسکور کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔
ڈیوڈ ملان نے 109 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ ملان مجموعی طور پر تینوں فارمیٹس میں سنچری اسکور کرنے والے 19ویں کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ ہیتھر نائٹ یہ اعزاز حاصل کرنے والی واحد خاتون کھلاڑی ہیں ۔
سب سے پہلے تینوں فارمیٹس میں سنچری کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری واپننگ بلے باز کرس گیل کو حاصل ہے جو انہوں نے 2007 میں جنوبی افریقا کے خلاف سنچری بناکر حاصل کیا تھا۔
Advertisement
ان کے بعد نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم، سری لنکا کے مہیلا جے وردنے، بھارت کے سریش رائنا، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل،پاکستان کے احمد شہزاد، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی، بھارت کے روہت شرما اور آسٹریلیا کے شین واٹسن نے بھی یہ اعزاز حاصل کیا۔
بنگلادیش کے تمیم اقبال، بھارت کے کے ایل راہول، آسٹریلیا کے گلین میکسویل، آئرلینڈ کے کیون اوبرائن، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، پاکستان کے محمد رضوان ، بابر اعظم اور انگلینڈ کے جوز بٹلر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔