کے پی؛ ٹیچنگ اسپتالوں میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ، 500 ڈاکٹرز فارغ ہونے کا خدشہ

14

خیبرپختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئیز) میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کے مختلف تدریسی اسپتالوں میں تعینات تقریباً 500 ٹرینی میڈیکل آفیسرز (ٹی ایم اوز) فارغ ہوجائیں گے اور اس سلسلے میں پالیسی بورڈ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز خیبرپختونخوا نے تمام بورڈز آف گورنرز کو ٹرینی رجسٹرار کی بھرتیوں کے اشتہارات فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔

پالیسی بورڈ کی جانب سے یکم ستمبر 2026 کو جاری کردہ مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے ذریعے ایسے ٹی ایم اوز کی تربیت میں توسیع کا راستہ فراہم کیا جارہا ہے جو اپنی ٹریننگ مکمل کرنے کے باوجود ایف سی پی ایس کا امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

مراسلے کے مطابق ایک ہی عرصے میں تربیت حاصل کرنے والے وہ ڈاکٹرز جنہوں نے ایف سی پی ایس امتحان کامیابی سے پاس کیا، انہیں اس سہولت سے محروم رکھنا مناسب نہیں، لہٰذا ٹرینی رجسٹرار کی آسامیاں برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

اس حوالے سے واضح کیا گیا کہ ایف سی پی ایس امتحان پاس کرنے والے نوجوان ڈاکٹروں کے لیے دو سالہ تجربہ حاصل کرنے کی غرض سے ایکسپیرینشل رجسٹرار کی آسامیاں پہلے سے موجود ہیں، جن کا مقصد ڈاکٹروں کو فیکلٹی کی آسامیوں کے لیے مطلوبہ اہلیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، ان آسامیوں کی مدت زیادہ سے زیادہ دو سال ہوگی، جبکہ متعلقہ شعبے کو اس دوران تربیتی پروگرام اور کارکردگی کے اہداف مقرر کرنا ہوں گے۔

پالیسی بورڈ کے مطابق ایکسپیرینشل رجسٹرارز کی کارکردگی کا ایک سال بعد جائزہ لیا جائے گا اورغیرتسلی بخش پیش رفت کی صورت میں اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ نمایاں عدم کارکردگی پر متعلقہ ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹایا بھی جاسکے گا۔

مراسلے میں تمام میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کو ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے تمام زیر عمل اشتہارات فوری واپس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان آسامیوں پر پہلے سے تعینات ڈاکٹرز کو بھی فیصلے سے آگاہ کیا جائے تاہم موجودہ تعینات ڈاکٹرز کو قانونی اور معاہداتی تقاضوں کے مطابق زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ ان کے ابتدائی معاہدے میں کم از کم تین ماہ کی مدت باقی ہو۔

اس فیصلے سے صوبے کے مختلف میڈیکل ٹیچنگ اسپتالوں میں کام کرنے والے تقریباً 500 ٹرینی میڈیکل آفیسرز ڈاکٹرز کا مستقبل متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ ان کی ملازمتوں کے خاتمے سے تدریسی اسپتالوں میں طبی عملے کی دستیابی اور مستقبل کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بھی نئے سوالات جنم لے سکتے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ٹرینی ڈاکٹروں کی بڑی تعداد انتہائی بےچینی کا شکار ہوچکی ہے اور حکومت سے فیصلے پر نظرثانی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ٹرینی ڈاکٹروں کے مطابق پہلے بڑے اسپتالوں ایل آر ایچ، ایچ ایم سی اور امراض گردہ کے اسپتال میں ٹرینی رجسٹرار کی پوسٹوں پر ڈاکٹروں کو لیا گیا تھا، یہ ٹرینی رجسٹرار ایم ٹی آئیز سے پہلے جونئیر رجسٹرار تھے اور ان سول سرونٹس کو مختلف اضلاع سے بڑے اسپتالوں میں دو تین سالوں کے لیے لایا جاتا تاکہ یہ تربیت اور جدید طریقہ علاج کے قابل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ان کو دوبارہ واپس اضلاع کو بھیجا جاتا تھا اور ان کو ایم ٹی آئیز میں ٹرینی رجسٹرار کا درجہ دیا گیا کہ یہ اسپشلائزیشن کرنے والے یہاں ای۔ٹی آئیز میں تعینات ہوں گے تاہم اب ان پوسٹوں کو بھی ختم کیا جارہا ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }