یونان میں سرکاری ٹی وی پر پٹرول چوری کی تجویز، سوشل میڈیا صارفین کی تنقید

49

یونان کے سرکاری ٹی وی  پر جمعرات کو نشر ہونے والے پروگرام  پر تنقید کی گئی ہے جس میں ناظرین کو دکھایا گیا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے بعد کاروں سے پٹرول کیسے نکالا جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سرکاری ٹی وی ای آر ٹی کے رپورٹر کوسٹاس سٹاماؤ نے گزشتہ بدھ کو ایک مارننگ نیوز پروگرام میں بتایا کہ پٹرول حاصل کرنا کوئی انتہائی پیچیدہ مسئلہ نہیں، اس کے لیےآپ کو کسی خاص ٹیوب کی بھی ضرورت نہیں، آپ کے گھر کے کسی کونے میں پڑا کوئی پائپ کا ٹکڑا بھی یہ کام کرے گا۔

رپورٹر نے کاروں کی مرمت کرنے والے ایک مکینک سے کی جانے والی بات چیت میں دکھایا کہ کاروں سے پیٹرول چوری کرنے کے لیے اُس کے فیول ٹینک میں کس جگہ سوراخ کیا جانا ضروری ہے۔

 اس ٹی وی رپورٹ کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے مذکورہ ٹی وی اور اس کے رپورٹر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ ٹوئٹر پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ کیا آپ لوگوں کا دماغ درست ہے؟ آپ لوگوں کو پٹرول چوری کرنے کی تجویز دے رہے ہیں؟

ایک اور صارف نے کہا کہ اب یہ ٹی وی اسٹیشن تالے کھولنے اور لوگوں کے پرس چوری کرنے کے طریقے بھی سکھائے گا۔

یونان کی ایک طنز و مزاح کی ویب سائٹ لوبن پر شیئر کی گئی یہ وڈیو تقریباً دو لاکھ مرتبہ دیکھی جا چکی ہے جبکہ ٹوئٹر پر بھی ہزاروں افراد نے یہ وڈیو دیکھی ہے۔

یونان میں حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ایتھنز میں اوسطاً 2.37 یورو (2.50 ڈالر) فی لیٹر سے زیادہ ہے جبکہ قریبی جزیروں پر پٹرول کی قیمت 2.50 یورو سے بھی زیادہ ہے۔

یونانی حکام نے ایندھن پر ٹیکس کم کرنے کے مطالبات ماننے سے انکار کرتے ہوئے اس کی بجائے چھوٹی کاروں اور موٹر سائیکل مالکان کو 30 تا 50 یورو سبسڈی دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }