دو لیجنڈز کھلاڑی دوبارہ ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش
پاکستان جونیئر لیگ میں جاوید میانداد کے ساتھ سر ویون رچرڈز کو بھی بطور مینٹور شامل کرلیا گیا ہے جس کے لیے دونوں لیجنڈری کھلاڑی انتہائی پرجوش ہیں۔
دو کرکٹ لیجنڈز اکتوبر میں شروع ہونی والی پاکستان جونیئر لیگ میں دوبارہ اکٹھے ہوں گے جب کہ سر ویون رچرڈز کو لیگ میں ٹیم کے مینٹور کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
سر ویون رچرڈز کے ساتھ جاوید میانداد، شاہد آفریدی، شعیب ملک، ڈیرن سیمی، کولن منرو اور عمران طاہر کو بھی مینٹور کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن 6 سے 21 اکتوبر کے دوران قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سر ویوین رچرڈز اور جاوید میانداد کا شمار 1970 اور 80 کی دہائی میں ان کی شاندار اور فتح کن پرفارمنس کے باعث بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے آخری مرتبہ نومبر 1989 میں کولکتہ میں ہونے والے نہرو کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلا تھا جب پاکستان نے ایک گیند قبل چار وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
Advertisement
سر ویون رچرڈز پاکستان سپر لیگ کے چھٹے اور ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں جب کہ انہوں نے کوئٹہ کو 2019 میں ٹائٹل جیتنے میں مدد فراہم کی تھی۔
Advertisement
دو مرتبہ ورلڈ کپ کے فاتح سر ویون رچرڈز نے 121 ٹیسٹ میچز میں 50 کی اوسط سے 8 ہزار 540 رنز اسکور کیے ہیں جب کہ 187 ون ڈے میچز میں انہوں نے 47 کی اوسط سے 6 ہزار 721 رنز بنائے ہیں۔
علاوہ ازیں گیند بازی کرتے ہوئے انہوں نے 32 ٹیسٹ اور 118 ون ڈے وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پاکستان جونیئر لیگ میں شامل ہونے پر سر ویون رچرڈز کہتے ہیں کہ ’میں پاکستان جونیئر لیگ میں اپنے ساتھی جاوید میانداد کے ساتھ دوبارہ ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں جب کہ ان کے ساتھ کھیل کے دنوں کی کچھ یادیں رکھنا چاہتا ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد ایک لڑاکا اور سخت حریف کھلاڑی تھے، پاکستان جونیئر لیگ میں ان کے ساتھ کام کرنا اچھا لگے گا جو کہ ایک دلچسپ تجربہ بھی ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں یہ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ کی بنیادوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا جس کے ذریعے معیاری ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا‘۔
دوسری جانب پاکستان کے لیجنڈری کھلاڑی جاوید میانداد کہتے ہیں کہ ’سر ویون رچرڈز کے ساتھ کام کرنے کے موقع پر بہت پرجوش ہوں جو اس کھیل کے ایک عظیم کھلاڑی ہیں‘۔
Advertisement