مقبوضہ وادی میں مہمان پرندوں کی آمد
سری نگر: مقبوضہ وادی کشمیر میں مہمان پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں مہمان پرندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی وادی کشمیر کے ساتھ اپنے صدیوں پرانے تعلق کو برقراررکھتے ہوئے مختلف یورپی اور ایشیائی ممالک سے مہمان پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
Advertisement
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پرندے دیگر ممالک کی موسمیاتی شدت سے بچنے کے لئے جموں وکشمیر کے معتدل موسم کو ترجیح دیتے ہیں اور یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
مہمان پرندے سائبیریا، چین، فلپائن، مشرقی یورپ اور جاپان سے وادی کشمیر آتے ہیں اور پانچ ماہ کا عرصہ یہاں کی آب گاہوں میں گزارنے کے بعد واپس ایشیائی اور یورپی ممالک چلے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر آنے والے پرندوں میں ٹفٹیڈ بطخ، گڈوال، برہمنی بطخ، گارگنٹوان، گرے لیگ گوز، مالارڈ، کامن مرگنسر اور نادرن پنٹیل شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کامن پاچارڈ، فرگینس پوچارڈ، ریڈ کرسٹڈپوچارڈ، رڈی شیلڈک، نادرن شوولر، کامن ٹیل اور یوریشین ویز بھی کشمیر کا رخ کرتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پرندے کشمیر کی مشہور آب گاہوں ہوکر سر، وولر جھیل، ہیگام، شالہ بگ سمیت دیگر میں قیام کرتے ہیں۔