پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ کے بعد سے پی سی بی کے معاملات پر ان سے مشورہ نہیں لیا۔
تفصیلات کے مطابق آج نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے انکشاف کیا کہ پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد وہ عمران خان سے رابطے میں نہیں تھے،سابق وزیراعظم نے مجھ سے رابطہ منقطع کر دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نےوزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آرگنائزنگ باڈی کی بہتری کے لیے تسلسل ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھیں، ہمارے وزیر اعظم ہمارے سرپرست اعلیٰ ہیں، ہم نے ان سے وقت مانگا ہے اور اگر وہ ہم سے ملیں گے تو ہم انہیں اپنے کام کے بارے میں بتائیں گے،میرے خیال میں یہاں انا کی کوئی ضرورت نہیں ہے آخر ہم سب کرکٹ کی ترقی چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بیرمیز راجہ نے مزید کہا کہ اگر آئین میں ہر بار چیئرمین پی سی بی کو ہٹانے کے بارے میں کچھ ہے تو اس پر عمل کریں، ورنہ انفرادی خواہشات کی تکمیل کھیل کے حق میں کام نہیں کرے گی۔
Advertisement