ابوظہبی(اردوویکلی):: امیرۃ فنڈ نے شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال و ریسرچ سنٹر پشاورمیں سرجیکل آنکولوجی خدمات کی شروعات کے لئے جدید ترین طبی سامان کی خریداری کے لئے 4.4 ملین درہم عطیے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام دی بگ ہارٹ فاؤنڈیشن ، ٹی بی ایچ ایف کی چیئرپرسن اورفرینڈز آف کینسر پیشنٹ،ایف او سی پی کی شاہی سرپرست شارجہ کے حکمران کی اہلیہ محترمہ شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی کی ہدایات کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ امیرۃ فنڈز سے قائم ہونے والے جدید ترین طبی آلات سے آراستہ دو آپریشن روم سے تقریباً ڈھائی ہزار کینسر کے مریضوں کو جدید ترین سرجری ممکن ہوپائے ہوگی۔ اس شراکت کا مقصد پشاور میں شوکت خانم ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کی اہم انسانی ہمدردی کی کوششوں خصوصاً آپریشن کی ضرورت والے مریضوں کو مدد فراہم کرنا ہے۔ اس تعاون کا اعلان رواں سال فروری میں شیخہ جواہر کے دورہ پاکستان کے بعد کیاگیا جب انہوں نے لاہور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال و ریسرچ سنٹر سمیت متعدد امدادی تنظیموں سے ملاقات کی تھی۔ اس حوالے سے ایف او سی پی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسن ساسن جعفر نے تصدیق کی کہ صحت کی دیکھ بھال کے پائیدار منصوبوں کے لئے شیخہ جواہر القاسمی کی کوششیں سماجی شعور اور اماراتی معاشرے میں ذمہ داری کی اقدار کی عکاسی کرتی ہیں۔ ٹی بی ایچ ایف کی ڈائریکٹر مریم الحمادی نے انسانی ہمدردی کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کرنے کے لئے شارجہ کے اداروں کے مابین تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے کہا کہ ٹی بی ایچ ایف شارجہ کے حاکم ٰ کی اہلیہ ، شیخہ جواہر القاسمی کی رہنمائی کے تحت دنیا بھر کی کمیونٹیز کو مدد فراہم کرتی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال و ریسرچ سنٹر کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان نے امیرہ فنڈ کی جانب سے اس اعانت پر شکریہ ادا کرتے کہا کہ اس عطیہ سے کینسر کےمریضوں کی تکالیف کو دور کرنے اور ان کی صحت کی دیکھ بھال کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔(شکریہ وام نیوز)۔