
ایشیا کپ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سال بعد پاکستان کی میزبانی میں کل سے شروع ہوگا۔ افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔
میچ سے قبل ملتان اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی، جس میں پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تھریشالہ گرونگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گی جبکہ میچ کے بعد آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
ایشیا کی ٹاپ 6 ٹیمیں ایونٹ میں مدمقابل ہوں گی جہاں بیٹ اور بال کا مقابلہ ہوگا اور اعصاب کی جنگ بھی ہوگی۔
ایونٹ میں شریک میزبان پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔
افتتاحی میچ میں ہوم ٹیم کے مد مقابل نیپال کی ٹیم ہوگی جو پہلی بار ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے۔
تاہم اس کے کھلاڑیوں نے تقریباً ایک ہفتہ سے کراچی میں بھرپور ٹریننگ کی ہے۔
دوسری جانب ٹیم پاکستان، جس کا ہر کھلاڑی فٹ بھی ہے اور فارم میں بھی۔ جبکہ فائنل الیون کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔
بیٹنگ لائن اپ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، سلمان آغا شامل ہیں تو بیٹرز کی بھرپور سپورٹ کریں گے آل راؤنڈر شاداب خان اور محمد نواز جبکہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل پیس اٹیک حریف ٹیم پر حملہ آور ہوگا۔
پاکستان اور نیپال کے درمیان میچ ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
ایونٹ کے افتتاحی روز میوزک کی جھنکار بھی ہوگی، جس میں پاکستان کی گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپال کی گلوکارہ تھریشالہ گرونگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔