یواے ای اورپاکستان کارشتہ اعتماد اور احترام پرمبنی ہے(احمدالزیودی)۔
ایکسپو202-دبئی میں پاکستان بھرپورشرکت کریگا(سفیرافضال محمود)۔
دونوں ممالک باہمی تعلقات کومزید مستحکم کرنے کے متمنی ہیں(احمدشیخانی)۔
دبئی(اردوویکلی) پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے گزشتہ رات دبئی کے ایک مقامی ہوٹل میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے غیرملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کے ساتھ دوسرا تجارتی سیشن منعقد کیا گیا ۔ اس میں نئے کاروباری مواقع ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور ایکسپو 2020 کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا وزیرمملکت برائے غیرملکی تجارت ڈاکٹرثانی بن احمدالزیودی سے ملاقات کرنے والوں میں سفیرپاکستان افضال محمود،صدر پاکستان بزنس کونسل دبئی احمدشیخانی کے ہمراہ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ممبران کی ایک بڑی تعداداورممتازسماجی وکاروباری شخصیات شامل تھیں ڈاکٹر الزیودی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی کاروباری برادری کو مکمل معاونت کی فراہمی اور متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں موجود کاروباری اور انٹرپرینورشپ کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دلانے کیلئے تیار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں اور ان کی ایک وسیع تاریخ ہے جو اعتماد و احترام پر مبنی ہے ۔ مشکل عالمی حالات میں بھی دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں اضافہ ہوا ہے ڈاکٹرالزیودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے 25 اہم سٹریٹجک عالمی تجارتی شرکت دار ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے ، دونوں ممالک نے رئیل اسٹیٹ سمیت ایک دوسرے کے اہم شعبوں میں قابل ذکر سرمایہ کاری کررکھی ہے ، متحدہ عرب امارات کی جانب سے حال ہی میں ملک کے اندر سو فیصد غیرملکی ملکیت کے قانون کے اجراء نے اقتصادی سرگرمیوں کوایک نئی تحریک دی اور دنیا بھر کی کاروباری برادری نے اسے سراہا ہے ۔ پاکستان بزنس کونسل بئی اور وزیرمملکت برائے غیرملکی تجارت متحدہ عرب امارات کے درمیان اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات مئی 2021 کے پہلے ہفتے میں ہوئی تھی جس میں کئی کاروباری مواقع کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا تھا ۔ اس موقع پر ایک قرارداد کامیابی سے منظور ہوئی تھی۔جس میں دونوں ممالک کے موجودہ سالانہ تجارتی حجم 30 ارب درہم ( 2019ء میں 19ء8 ارب ڈالر) کو آئیندہ پانچ برس میں دگنا کرنے کےعزم کااظہارکیا گیا تھا سفیرپاکستان افضال محمود نے ایکسپو 2020 کے میگا ایونٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشت ایک دوسرےکو تقویت دیتی ہیں ، دیکھنا یہ ہے کہ ویلیو ایڈڈ مواقع سے کیسے فائدہ اٹھایا جائے اور ایک دوسرے کی مکمل سپورٹ کی جائے ، حکومت پاکستان نے غیرملکی کاروباری برادری کو ترغیب دینے کیلئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کا تعلق سیاحت ، زارعت ، فیشن اور میزبانی سے ہے ۔ سفیرپاکستان نے کہا کہ پاکستان ، ایکسپو 2020 دبئی میں بھرپور شرکت کرے گا اور اس کا موضوع ” پاکستان ، ایک پوشیدہ خزانہ ” ہوگا ، پاکستان کی دعوت ہے وہاں آئیں اور دیکھیں کہ وہاں تاریخ ، ثقافت ، زراعت ، سیاحت ، میزبانی کے کتنے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 میں پاکستانی کاروباری برادری کو بھرپور شرکت کی دعوت بھی دی جارہی ہے – پاکستان بزنس کونسل کے صدر احمد شیخانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے کئی وسیع مواقع حاصل ہیں ، زرعی ٹیکنالوجی ، صحت ، بھلائی ، مینوفکچرنگ ، لاجسٹکس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں دونوں ممالک مل کر بہت کام کرسکتی ہیں، پاکستان کو زراعت کے شعبے میں جو گرانقدر تجربہ اور مہارت حاصل ہے اس سے اماراتی شراکت دار مستفید ہوسکتےہیں۔(نیوزوتصویربشکریہ وام)۔