آزاد کشمیر عام انتخابات کے تیسرا اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو باغ اور حویلی میں انتخابی دنگل سجے گا۔ ضلع باغ اور حویلی کے نتائج انتخابی منظرنامے کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ نئی قانون ساز اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے بھی انتہائی اہم ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق 2 اضلاع کی 4 نشستوں پر ہر ووٹ سیاسی نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اب 10 اگست کو ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی دنگل سجے گا، 4 جنرل نشستوں پر 82 امیدوار آمنے سامنے ہوں گے اور 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
ضلع باغ میں انتخابی معرکہ باغ اور حویلی کے 4 حلقوں پر مشتمل انتخابی میدان میں ہوگا، جہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
ضلع باغ میں سیاسی مقابلہ صرف بڑی جماعتوں تک محدود نہیں، آزاد امیدوار بھی بڑی تعداد میں میدان میں موجود ہیں، باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں 82 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
پونچھ ڈویژن کے حلقوں LA-14 باغ 1، LA-15 باغ 2، LA-16 باغ 3 اور LA-17 باغ و حویلی کہوٹہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے 803 پولنگ اسٹیشنز اور 1254 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جہاں 5 ہزار سے زائد انتخابی عملہ ڈیوٹی سرانجام دے گا۔
10 اگست کو اصل امتحان ہوگا، انتظامیہ کا، الیکشن کمیشن کا، سیاسی جماعتوں کا اور سب سے بڑھ کر ووٹرز کا۔ ضلع باغ کے نتائج سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر کی نئی قانون ساز اسمبلی کی مجموعی تصویر مکمل ہوجائے گی، اور پھر فیصلہ ہوگا کہ آئندہ پانچ برس آزاد کشمیر میں اقتدار کا تاج کس جماعت کے سر پر سجتا ہے۔