پاکستان کے محمد زبیر نے جنوبی کوریا کے معروف کھلاڑی لو ہائی کو فائنل میں 5-0 سے شکست دے کر ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پیرس کے ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں 5 سے 8 اگست تک ہونے والے مقابلے میں دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ محمد زبیر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائٹل کے ساتھ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم اور کلب چیمپئن شپ کے 1 ہزار پوائنٹس بھی حاصل کیے۔
The TEKKEN 8 at EWC26 champion @ZubairAbdu31256 has sealed his historic run in the Totem! pic.twitter.com/gunQim3RZ2
— EWC Extra (@EWC_Extra) August 8, 2026
زبیر نے سیمی فائنل میں اپنے ہم وطن اور آٹھ مرتبہ ایوو چیمپئن شپ جیتنے والے ارسلان ایش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ارسلان ایش بعد ازاں آسٹریلیا کے یگامی سے شکست کے بعد چوتھی پوزیشن پر رہے۔ وہ دو ماہ قبل لاس ویگاس میں 2026 ایوو چیمپئن شپ جیت کر مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی اعزاز اپنے نام کرچکے تھے۔
محمد زبیر کی کامیابی پر اسپورٹس ورلڈ کپ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ٹیکن دنیا کی معروف فائٹنگ گیمز میں شامل ہے اور اسپورٹس ورلڈ کپ میں دیگر مقبول کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔