برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فن ٹیک اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
بریڈفورڈ میں ویسٹ یارکشائر پاکستان ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے ٹیپو عثمان نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت برطانوی اداروں کے اشتراک سے جدید دھاگے، ریشے اور نئی مصنوعات تیار کرسکتی ہے۔ دونوں ممالک کی کمپنیوں کو مشترکہ پیداواری منصوبے شروع کرنے چاہئیں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ ویسٹ یارکشائر میں تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانی نژاد افراد آباد ہیں، جو مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم 6 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ ٹیکسٹائل، ماحول دوست پیداوار اور حلال خوراک کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے امکانات موجود ہیں۔