اناج – ایکسپریس اردو

0

لاہور کی گہما گہمی، دھند اور دھوئیں کے جنگل سے نکل کر جب ملتان کی طرف سفر شروع ہوتا ہے، تو راستے کی ہریالی آنکھوں کو ایک عجیب سی طمانیت بخشتی ہے۔ اسی طویل سفر کے دوران جب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مضافات میں کچھ دیر کے لیے بس رکتی ہے، تو جدیدیت کی اس تیز رفتار دوڑ میں ایک ٹھہرا ہوا منظر نگاہوں کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ سڑک کے کنارے، ایک چھابڑی والا بوڑھا کھڑا تھا۔ جس میں بھنے ہوئے بھٹے اور باجرے کے سنہری سٹے سجے تھے۔

 میں نے پوچھا، ’’بابا جی! آج کل کے اس برگر اور پیزا کے دور میں یہ کون کھاتا ہے؟‘‘ بوڑھا ہنس کر بولا، ’’پتر! یہ اس زمانے کی خوراک ہے جب انسان، انسان ہوا کرتا تھا۔ اب تو سب ولایتی مشینوں کے پرزے بن چکے ہیں۔‘‘

اس ایک مختصر اور بظاہر سادہ سے جملے نے میرے ذہن کے دریچے کھول دیے۔ یہ اس دور کی کہانی ہے جب ہمارا خطہ محض سونے کی چڑیا نہیں، بلکہ خالص اناج کا ایک ٹھاٹھیں مارتا سمندر کہلاتا تھا۔ وہ دور، جب صبح صادق کے وقت پوہ پھٹتے ہی ہمارے دادا بیدار ہوتے، تو ان کے مٹی کے لیپے ہوئے صحن میں مدھانی کی آواز گونج رہی ہوتی تھی۔

ان کے ناشتے کے دسترخوان پر جوار کی رات کی بچی ہوئی ٹھنڈی روٹی، گھر کے خالص مکھن کا ایک بڑا سا پیڑا اور لسی کا لبریز گلاس ہوتا تھا۔ یہ وہ خوراک تھی جو معدے میں جا کر کسی فولادی چٹان کی طرح جم جاتی تھی۔ یہ وہ خالص رزق تھا جو رگوں میں ایسی بجلیاں بھرتا تھا کہ چلچلاتی دھوپ میں دوپہر تک ہل چلاتا ہوا کسان نہ تھکتا تھا، نہ اس کی کمر جھکتی تھی اور نہ ہی اس کے ماتھے پر کمزوری کا پسینہ آتا تھا۔ اس وقت نہ کسی کو بلڈ پریشر کی اصطلاح کا علم تھا، نہ کسی نے ذیابیطس (شوگر) کا نام سن رکھا تھا۔ گاؤں کے حکیم جی کی دکان پر دوائیں مٹی پھانکتی تھیں اور مٹیار کے کندھے پر رکھے گھڑے میں آب حیات جیسا میٹھا پانی چھلکتا تھا۔

پھر وقت نے کروٹ لی۔ تاریخ کے اوراق بتاتے ہیں کہ سمندر کے اس پار سے کچھ سفید جہاز ہماری بندرگاہوں پر لنگر انداز ہوئے۔ ان آنے والوں کے ہاتھوں میں ترازو تھا، زبانوں پر تجارت کے دعوے تھے، لیکن ان کی نیلی آنکھوں میں ایک نہ بجھنے والی لالچ تھی۔ انھوں نے بغور مطالعہ کیا اور حیرت سے دیکھا کہ اس دھرتی کا کسان تو لوہے اور فولاد کا بنا ہوا ہے۔ اس کے پٹھوں میں تھکاوٹ کیوں نہیں ہوتی؟ اس قوم کو ذہنی اور جسمانی طور پر جھکانا کیسے ہے؟ کسی سیانے استعماری دماغ نے مشورہ دیا۔ ’’اگر ان کی نسلوں کو غلام بنانا ہے، تو ان کی ہنڈیا اور دسترخوان سے کھیلو۔ ان کے رزق کی تاثیر بدل دو۔‘‘

پہلا وار ہماری صبحوں پر کیا گیا۔ انھوں نے چائے کا گرم اور نشہ آور دھواں اٹھایا۔ انگریز کی آسام ٹی کمپنی نے چوکوں اور چوراہوں پر کھڑے ہو کر لوگوں کو مفت کی چائے پلانا شروع کی اور اس کے ساتھ متعارف کروائی سفید چینی جس نے ہماری صدیوں پرانی گڑ اور شکر کی روایت کو نگل لیا۔ ہمارے بزرگوں نے جب پہلی بار لسی کو چھوڑ کر اس چینی اور چائے کو منہ لگایا تو وہ زبان کو ایسی لگی کہ آج ہماری پوری قوم کی صبح اس پیالی کے بغیر آنکھ کھولنے سے قاصر ہے، ہم ذائقے کے غلام بن گئے۔

دوسرا وار ہماری زرعی اجناس پر ہوا۔ انگریز سرکار کو اپنے عوام اور وسیع و عریض فوج کے لیے خوراک چاہیے تھی ۔ باجرے کا مسئلہ یہ تھا کہ اسے چھ ماہ میں کیڑا لگ جاتا ہے اور جوار کا بھوسہ انسانوں سے زیادہ جانوروں کی مرغوب غذا ہے۔ گندم ایک ایسا اناج ہے جو گورے کے گوداموں میں سالوں تک محفوظ رہ سکتی تھی۔ بس پھر کیا تھا، پنجاب کے سینے پر نہریں کھودی گئیں۔ زمینداروں کو حکم دیا گیا کہ باجرہ، جوار اور مکئی چھوڑو، صرف گندم اور کپاس اگاؤ۔ گندم ’’صاحب بہادر‘‘ کی خوراک بن گئی ۔ غریبوں نے بھی معاشرے میں اپنی کھوئی ہوئی عزت بچانے اور خود کو مہذب کہلوانے کی خاطر سفید نان اور گندم کی روٹی کو اپنا لیا۔

 ذرا آج کے پاکستان کے طبی اور زرعی حقائق پر ایک نظر دوڑائیے۔ اعداد و شمار کی زبان میں ہم آج دنیا میں گندم پیدا کرنے والے آٹھویں بڑے ملک ہیں، باجرے میں گندم کے مقابلے میں آئرن تقریباً دگنا ہے اور آٹے کے مقابلے میں کئی گنا۔

 اقوام متحدہ نے باقاعدہ طور پر سال 2023 کو ’’موٹے اناجوں کا عالمی سال‘‘ قرار دیا۔ امریکا اور یورپ کے ترقی یافتہ معاشروں میں آج باجرہ اور جوار ’’سپر فوڈ‘‘ کے مہنگے ٹیگ کے ساتھ بکتے ہیں۔ وہاں کے بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں ایک کلو باجرے کا نامیاتی آٹا 8 ڈالر تک میں فروخت ہو رہا ہے اور ہم؟ ہم اپنی اس سنہری وراثت کو اپنے ہی ہاتھوں دفن کر چکے ہیں۔اس گمبھیر صورتحال کا آخر حل کیا ہے؟ اس کا حل اپنی جڑوں کی طرف ’’واپسی‘‘ ہے۔ہمیں اپنے جدید اور نفیس دسترخوانوں پر باجرے اور جوار کو ایک بار پھر فخر اور وقار کے ساتھ واپس لانا ہوگا۔

ہمارے کھیتوں کے کناروں پر کھڑی وہ باجرے اور جوار کی سنہری بالیاں آج بھی ہوا کے دوش پر رو رہی ہیں۔ ان کا نوحہ ہمارے نام ہے۔ وہ آج بھی ہماری راہ تک رہی ہیں کہ کب ہم اپنے بھٹکے ہوئے قدموں کو واپس مٹی کی طرف موڑیں گے۔ اب یہ فیصلہ خالصتاً ہمارا اپنا ہے کہ ہم نے کیا کھانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }