بھارت کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے کہا ہے کہ ویرات کی تکنیک میں کوئی خرابی نہیں امید ہے وہ جلد اپنی فارم میں واپس آ جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین آوٹ آف فارم چل رہے ویرات کوہلی کی حمایت میں اتر آئے ہیں۔
محمداظہرالدین کو امید ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا یہ سابق کپتان انگلینڈ کے دورے پر اپنی کھوئی ہوئی فارم حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا۔
گلف کی ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا ہے کہ اس عظیم بلے باز کی بازی تکنیک میں انہیں کوئی خامی نظر نہیں آرہی ہے۔
بھارت کے سب سے کامیاب کپتانوں میں شمار محمد اظہرالدین کا کہنا ہے کہ دنیا کے بہترین بلے بازوں کو بھی ان کے کیریئر میں یہ دن دیکھنا پڑتا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جب ویرات کوہلی 50 رن بناتے ہیں، تو لگتا ہے کہ وہ ناکام ہوگئے۔ یقینی طور پر انہوں نے اس سال کچھ زیادہ نہیں کیا۔ ہر کوئی اپنے کیریئر میں برے دورے سے گزرتا ہے۔
Advertisement
ویرات کو تھوڑا بریک مل گیا ہے، اس لئے امید کی جانی چاہئے کہ وہ انگلینڈ میں اپنی فارم میں واپسی کرلیں گے.
واضح رہے کہ کوہلی کو بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری بنائے ہوئے تقریباً تین سال ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی آخری سنچری نومبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں بنائی تھی۔
ویرات کوہلی کے لئے آئی پی ایل کا 15واں سیزن بھی کچھ خاص نہیں رہا۔ انہوں نے رائل چیلنجرس بنگلورو کی طرف سے 16 میچوں میں تقریباً 23 کی اوسط سے کل 341 رن بنائے۔
آئی پی ایل میں ویرات کوہلی تین بار گولڈن ڈک کا شکار بھی ہوئے، یعنی انہیں تین میچوں میں پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹنا پڑا۔
کوہلی کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ہوم سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم یکم جولائی سے انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف پانچواں ٹیسٹ میچ کھیلے گی، جو گزشتہ سال کووڈ کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔ ویرات کوہلی اب انگلینڈ میں اس ٹیسٹ میچ میں کھیلیں گے۔
بقول محمد اظہرالدین، ‘کوہلی کی تکنیک میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔ کبھی کبھی آپ کو تھوڑی قسمت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر ویرات کوہلی ایک بڑا اسکور یا سنچری بنانے میں کامیاب رہتے ہیں تو، یقیناً اس سے ان کی ترجیح واپس آئے گی اور وہ ایک الگ کھلاڑی کے طور پر نظر آئیں گے. ویرات کوہلی بھی موجودہ وقت میں اپنے فارم سے فکر مند ہیں۔