رمیز راجہ نے تین ملکی ٹورنامنٹ کی کوششیں تیز کردیں
لاہور: چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ملکی ٹورنامنٹ کی کوششیں تیز کردیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سالانہ تین ملکی ٹورنامنٹ کا مسودہ تیار کرلیا ہے جبکہ رمیز راجہ نے پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ملکی ٹورنامنٹ کی کوششیں تیز کردیں ہیں۔
رمیز راجہ جولائی کے آخر میں برمنگھم میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بورڈ حکام سے پلان شیئر کریں گے جبکہ برمنگھم میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں بھی سالانہ تین ملکی ٹورنامنٹ کا پلان پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سے پہلے بھی بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور پاکستان کے 4 ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز پیش کر چکا ہے۔
Advertisement
خیال رہے کہ آئی سی سی سہ ملکی سیریز کے علاوہ دیگر ایونٹس کی اجازت نہیں دیتا اور تین سے زیادہ ٹیموں کے ٹورنامنٹس کا انتظام خود آئی سی سی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں رواں سال پاکستان نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز کھیلے گا جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
سہ ملکی سیریز 7 اکتوبر سے 14 اکتوبر تک کھیلی جائے گی جس میں پاکستان کا پہلا مقابلہ 7 اکتوبر کو بنگلادیش کے خلاف ہوگا جبکہ دوسرا مقابلہ نیوزی لینڈ کے خلاف 8 اکتوبر کو ہوگا۔
دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کا مقابلہ 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ 13 اکتوبر کو دوبارہ بنگلادیش کے مدمقابل آئے گا، ٹورنامنٹ کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔