سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں کرسمس کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد۔
یواے ای میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کی بڑی تعداد میں شرکت
پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے ابوظہبی میں خصوصی تقریب کا انعقاد۔
تقریب میں کر سمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی طرف سے لایا گیا محبت اور امن کا پیغام آج کی دنیامیں اوربھی زیادہ اہمیت کاحامل ہے(سفیرپاکستان)۔![]()
ابوظہبی۔(اردوویکلی):ہرسال کی طرح امسال بھی پاکستانی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب میں سفارت خانہ کے افسران کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کی فیملیز سمیت بڑی تعداد میں شرکت۔
تقریب کی نظامت کے فرائض مسیحی برادری کے معززرہنما اورمعروف سماجی و سیاسی کارکن روحیل ظفر شاہی نے بڑے احسن انداز میں انجام دیئے ۔
کرسمس کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت عیسیٰ کی طرف سے لایا گیا محبت اور امن کا پیغام آج کی دنیا میں اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مذاہب میں مشترکہ اقدار کے بارے میں بات کی۔اس موقع پر سفیرپاکستان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کا بھی حوالہ دیا جنہوں نے ہمیشہ تمام پاکستانیوں کے درمیان برابری اور عدم امتیاز کی وکالت کی، چاہے وہ کسی بھی عقیدے یامذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے آپ سب کی میزبانی کرنے اور اپنی مسیحی برادری کے ساتھ اس خاص موقع کا جشن منانے پر انتہائی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں آپ کی خدمات قابل قدر ہیں اور یہاں آپ کا خیرمقدم کرناہمارے لیئے اعزاز کی بات ہے
سفارتخانے کی جانب سے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کے تمام افراد کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پادریوں اور مسیحی برادری کے ارکان نے اس تقریب میں سہولت فراہم کرنے پر سفیرپاکستان اور سفارت خانے کے عملے کی تعریف کی۔ پادری ناصر تاج، پادری رابرٹ اور پادری فلیمون جارج نے اس موقع پاکستانی قوم اور ملک کی سلامتی اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں اورامارات کی ترقی وخوشحالی کے لیئے خصوصی دعائیں کیں اور جشن کی میزبانی کرنے اور مسیحی برادری کی مسلسل حمایت پر سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کا خصوصی طورپرشکریہ ادا کیا۔تقریب میں کر سمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔ مسیحی برادری کے رہنما روحیل ظفرشاہی نے سفیرپاکستان کے مسیحی برادری سے زریں تعاون اوریواے ای میں پاکستانی کمیونٹی کے لیئے گراں قدرخدمات کے اعتراف میں سفیرفیصل نیازترمذی کویادگارتعریفی شیلڈبھی پیش کی۔