ابوظبی میں داخلے کیلئے حفاظتی اقدامات میں اضافہ
ایک ہی قسم کا ٹیسٹ 6 دن میں مسلسل دو بار نہیں لیا جاسکتا۔
ابوظہبی۔(اردوویکلی)۔۔
ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے محکمہ صحت کے تعاون سے کوویڈ19 وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے احتیاطی اقدامات میں اضافہ کرتے ہوئے امارات(ابوظبی) میں داخل ہونے کے لئے دو ٹیسٹوں کی منظوری دی ہے۔ یہ نئے اقدامات جمعرات 27 اگست 2020 سے نافذالعمل ہوجائیں گے۔ ان اقدامات کے تحت پی سی آر (ناک کے ذریعے)ٹیسٹ کا منفی رزلٹ موصول ہونے سے48 گھنٹوں کے اندر ابوظبی میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ان اقدامات کے تحت ڈی پی آئی لیزر(بلڈ/پلازما)ٹیسٹ کے منفی نتائج کے 48 گھنٹوں کے اندر اندر داخلے کی بھی اجازت ہوگی بشرطیکہ 6 دن کے اندر اندر موصول ہونے والا پی سی آر ٹیسٹ رزلٹ بھی
منفی ہو۔کمیٹی نے یہ شرط عائد کی کہ ایک ہی قسم کا ٹیسٹ 6 دن میں مسلسل دو بار نہیں لیا جاسکتا۔کوویڈ19 ویکسین کے فیز3 میں حصہ لینے والے رضاکار اس سے مستثنیٰ ہیں اور ایمرجنسی گاڑیوں کی راہ استعمال کرنے کے مجاز ہیں۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کوویڈ19 کے پھیلاؤ کو محدود کرنے سے متعلق اقدامات اور طریقہ کار پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اٹارنی جنرل کے مطابق داخلے کے طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔ کمیٹی محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام کے تعاون سے اس وباء پر مکمل طور پر قابو پانے کو یقینی بنانے کے لئے اب تک کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ کمیٹی نےمعاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام حفاظتی اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھیں (وام نیوز)۔۔۔۔