ملک کے اندر سے ابوظہبی میں داخلے کیلئے کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا تقاضا ختم کردیا گیا۔
گھرپرقرنطینہ کی صورت میں رسٹ واچ کی ضرورت نہیں۔
ابوظہبی(اردوویکلی)::ابوظہبی ایمرجنسی ، کرائسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی برائے کوویڈ 19نے آج 2اہم فیصلوں کی منظوری دی جس میں پہلے نمبر پرابوظہبی میں داخلے کے لیئے کوویڈ 19 کی ٹیسٹنگ کو منسوخ کرنے کی منظوری دیدی جس پرکل بروز اتوار 19 ستمبر 2021 سے عملدرآمد شروع ہوگا ۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوزایجنسی وام کے مطابق آج اعلان کیئے جانے والا یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے اندر سے ابوظہبی میں داخلے کے طریقہ کار کو اپ ڈیٹ کرنے کا حصہ ہے یہ فیصلہ ، امارت میں اس وائرس کی انفیکشن شرح کم ہو کر 2ء0 فیصد ہونے اور بعض عوامی مقامات پر داخلے کیلئے گرین پاس سسٹم کے فعال ہونے کے بعد میں کیا گیا ہے ۔ جبکہ دوسرے اہم فیصلے میں کمیٹی نے گھر پر بغیر رسٹ بینڈ قرنطینہ کی منظوری دے دی ،ابوظہبی ایمرجنسی ، کرائسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے بین الاقوامی مسافروں کیلئے اور کوویڈ 19 کے پازیٹو کیسز سے رابطہ میں آنے والوں کیلئے گھر پر رسٹ بینڈ کے بغیر قرنطینہ ہونے کی منظوری دیدی اس پر عملدرآمد اتوار 19 ستمبر 2021 سے ہوگا جبکہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کے مثبت آنے والوں کو بدستور رسٹ بینڈ پہن کر رکھنا ہوگی یہ فیصلہ اضافی احتیاطی اقدامات پر عملدرآمد کی خاطر کیا گیا ہے ۔ کمیٹی نے گھر پر قرنطینہ رہنے کے سخت طریقہ کار کو جاری رکھنے کی بھی منظوری دی ہے اور شیڈول کے مطابق ٹیسٹ کرنے کو انفرادی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ صحت عامہ نظام کی جانب سے احتیاطی اقدامات کی مکمل پیروی کی نگرانی رکھی جائے گی ۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بارے میں اٹارنی جنرل کو آگاہ کیا جائے گا ۔ کمیٹی نے تمام ایونٹس کی نگرانی جاری رکھتے ہوئے تمام شہریوں ، مقیم افراد ، سیاحوں ، وزیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ کی خاطر احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کی پیروی کریں تاکہ کامیابی کا تسلسل برقرار رہے اور قوم کو پائیدار بحالی کی جانب گامزن رکھا جاسکے۔