ویکسین نہ لگوانے والے اب سرکاری اداروں میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
اسلام آباد(اردوویکلی)::پاکستان کی وفاقی حکومت نے عوام کو کوویڈ 19 کی ویکسین لگوانے کیلئے 31 اگست 2021 کی ڈیڈلائن مقررکردی جو لوگ اس دوران ویکسین نہیں لگوائیں گے انکو سرکاری و نجی شعبہ کے دفاتر ، کاروباری مقامات اور دیگر ہائی رسک شعبوں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی – وزیر منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرینس میں بتایا کہ یہ اقدام عوام کیلئے کیا جارہا ہے جس کا مقصد کسی کو سزا دینا نہیں بلکہ لوگوں کو اس بات کا احساس دلانا ہے کہ ملکی معاشرے اور معیشت میں ان کا اہم کردار ہے حکومت عوامی صحت کو ترجیح دے رہی ہے اور لوگوں کا طرز زندگی اور ملکی معیشت کے تسلسل کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا – اے پی پی کے مطابق اسد عمر جوکہ این سی او سی کے سربراہ بھی ہیں کا کہنا تھا کہ این سی او سی پہلے ہی یہ فیصلہ کرچکی ہے کہ غیر ویکسین شدہ افراد کو اندرون ملک پروازوں پر یکم اگست سے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی ، اسی طرح جن اساتذہ اور عملہ نے ویکسین نہیں لگوائی ،انہیں بھی تعلیمی اداروں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 80 فیصد اساتذہ اب تک ویکسین لگواچکے ہیں اور حکومت بچوں کے حوالے سے کوئی رسک نہیں لے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جن مقامات اور شعبوں میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں پابندیوں یالاک ڈاؤن کو 31 اگست تک توسیع دی جائے گی ، ان میں ٹرانسپورٹ شعبہ اور پبلک ڈیلنگ آفسز بھی شامل ہیں تاکہ لوگوں کا اجتماع اور وائرس پھیلاؤ روکا جاسکے ۔