ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کو نائیجیریا میں دوبارہ آزادی مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی شہری ڈاکٹر ابوذر محمد افضل کی بحفاظت رہائی میں مدد پر پاکستانی حکومت اور عوام نائیجیریا کے برادر عوام اور حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ابوزر 28 مارچ 2022 کو ابوجا-کاڈونا ٹرین پر حملے میں یرغمال بنائے گئے سیکڑوں مسافروں میں شامل تھے، گذشتہ شب رہا کیے گئے 7 یرغمالیوں میں وہ واحد غیر ملکی ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے یہ بھی کہا کہ 13 دیگر یرغمالیوں کو ایک ماہ قبل رہا کیا گیا تھا، رہائی کے بعد آج کدونا سٹی سے ایک ویڈیو پیغام میں، ڈاکٹر ابوذر نے پاکستانی ونائیجیرین حکومتوں، مذاکرات کار اور اس کے آجر کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نائیجیریا کی سیاسی و عسکری قیادت ، دو نوں وزارت خارجہ اور ہائی کمیشن کے درمیان تعاون کو سراہتے ہیں جس کا نتیجہ ڈاکٹر ابوزر کی رہائی ہے، ڈاکٹر ابوذر پہلے ہی ابوجا پہنچ چکے ہیں۔
Advertisement
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر ابوذر نے پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ہنگامی سفری دستاویز فراہم کی گئیں تاکہ وہ آج رات بعد میں پاکستان کے سفر میں آسانی پیدا کر سکیں، اس کا مقصد ملتان میں عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ڈاکٹر ابوزر کی اپنے اہل خانہ اور عزیزوں سے ملاقات ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ابوذر افضل عفاری کو 28 مارچ کو نائجیریا میں ایک شہر سے دوسرے شہر جاتے ہوئے ٹرین کے سفر کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا۔
مختلف رپورٹوں کے مطابق اغوا کی اس واردات میں مجموعی طور پر 160 سے زیادہ لوگوں کو اغوا کیا گیا تھا، جن میں اکثریت نائیجیریا کے شہریوں کی تھی۔ ان میں سے ایک پاکستانی ڈاکٹر ابوذر افضل بھی تھے۔