خواتین کے عالمی دن پرسفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں پروقار تقریب کاانعقاد
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین کی بڑی تعدادمیں شرکت
ابوظہبی(نیوزڈیسک)::پوری دنیا کی طرح سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت اور خواندگی کے حوالے سے ایک سادہ مگرپروقار تقریب کا انعقاد کیاگیاجوخواتین کو بااختیار بنانے میں ہونے والی پیشرفت کا جشن منانے اور خواتین کے حقوق کے احترام کو مزید آگے بڑھانے کی کوششوں کو دوگنا کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کی تصدیق کرنے کا موقع ہے۔سفارت خانہ پاکستان میں منعقدہونے والی اس تقریب میں ابوظہبی میں مقیم زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خواتین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
معروف تعلیمی ماہر نفسیات اور پرو بونو مینٹل ہیلتھ آرگنائزیشن ہوپ اینڈ لائٹ ان پاکستان اور یو اے ای کی بانی ڈاکٹراسما ناہید تقریب میں کلیدی مقرر تھیں۔ ڈاکٹر ناہید نے حالیہ دور میں ہونے والی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستانی خواتین کے لیے تعلیم کی اہمیت ضرورت پر زور دیا، جس میں ٹیکنالوجی کی ترقی اہم تبدیلیوں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر خواتین کے لیے تعلیم کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔ شرکاء نے پاکستانی خواتین کے لیے ڈیجیٹل شمولیت اور تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان کی شریک حیات محترمہ ہانیہ رئیس ترمذی نے تقریب میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں خواتین کے لیے ڈیجیٹل شمولیت، خواندگی اور تعلیم کے مواقع ایک ناگزیر عنصر بن چکے ہیں۔ بچوں کی بہتر اور جدید پرورش کے لیے تعلیم یافتہ مائیں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں اور ایک وسیع تر امکانات پر ایک خواندہ قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں۔