
بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے شوہر راج کندرا کو جیل میں قید کے دوران ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا ۔
بھارتی بزنس مین اور اداکار راج کندرا نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اہلیہ شلپا شیٹی نے دوران قید بیرون ملک منتقل ہونے کا مشورہ دیا لیکن میں اس بدنامی کے داغ کا خاتمہ چاہتا تھا۔
راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے کے الزام میں دو ماہ ممبئی کی آرتھر جیل میں گزارنے پڑے تھے۔
انہوں نے اسی دوران گزارے وقت پر مبنی فلم سے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا ہے، یوٹی 69 نامی فلم 3 نومبر کو ریلیز ہوگی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں راج کندرا نے بتایا کہ وہ صورتحال بہت ہی افسردہ تھی، اہلیہ نے بھارت چھوڑ کر بیرون ملک بس جانے کا مشورہ دیا لیکن میں اس معاملے کا مکمل خاتمہ چاہتا ہوں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اہلیہ نے کہا کہ تم لندن میں پلے بڑھے ہو، وہاں چلتے ہیں، جس پر میں نے کہا کہ مجھے بھارت سے پیار ہے، میں اسے چھوڑنا نہیں چاہتا، لوگ بڑے گناہ کرتے ہیں ہزاروں کروڑ کماتے ہیں اور ملک چھوڑ جاتے ہیں۔
راج کندرا نے مزید کہا کہ میں نے شلپا سے کہا کہ میں نے کچھ ایسا نہیں کیا کہ ملک چھوڑ جاؤں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سلاخوں کے پیچھے جو بھی وقت گزرا وہ میرے اور میری فیملی کےلیے تکلیف دہ تھا، میں واقعی ٹوٹ گیا تھا۔
راج کندرا نے کہا کہ اس وقت مجھے اور میری فیملی کو کافی ذلیل کیا گیا، ہماری شہرت کو کافی نقصان پہنچایا گیا، میڈیا ہمارے پیچھے لگ گیا، وہی تکلیف دہ وقت تھا۔