
امریکی ریاست مین کے شہر لیوسٹن میں کئی مقامات پر فائرنگ سے 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بڑے پیمانے پر قتل عام کا یہ واقعہ لیوسٹن کے ایک بار اور باؤلنگ ایلے میں پیش آیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ریاستی اور مقامی پولیس نے فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت 40 سالہ رابرٹ کارڈ کے نام سے کی ہے جو تاحال مفرور ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق پولیس سرگرمی سے اسے تلاش کر رہی ہے۔
مقامی پولیس نے شہر میں گھروں اور کاروبار کو بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر ریاست مین کے پبلک سیفٹی کمشنر مائیک ساؤچک نے نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ حقیقی طور پر اس وقت سیکڑوں پولیس آفیسرز پوری ریاست میں اس حوالے سے متحرک ہیں تاکہ اس کیس کی تفتیش کرسکیں اور ملزم رابرٹ کارڈ کا پتہ لگاسکیں۔
ریاست مین کے متعدد میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم رابرٹ کارڈ آتشیں اسلحہ کا تربیت یافتہ انسٹرکٹر اور امریکی فوج کے ریزرو کا رکن ہے۔ اس نے حال ہی میں رپورٹ کیا تھا کہ اسے ذہنی صحت کے مسائل اور آواز سننے میں دقت ہوتی ہے۔ ملزم نے نیشنل گارڈ کے بیس پر فائرنگ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔