پاکستان اور لبنان کے درمیان منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور اس کےاستعمال سے نمٹنے کے لیے تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط
معاہدے پر دستخط کی تقریب ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنل سیکیورٹی فورسز کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔
لبنان(نیوزڈیسک)::پاکستان اور لبنان کے درمیان آج بیروت میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنل سیکیورٹی فورسز کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پاکستان اور لبنان کے درمیان منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور اس کے استعمال سے نمٹنے کے لیے تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستان اور لبنان کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
لبنان کی طرف سے میجر جنرل عماد عثمان، چیف آف انٹرنل سیکیورٹی فورسز، اور حکومت پاکستان کی جانب سے لبنان میں پاکستان کے سفیر جناب سلمان اطہر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل عماد عثمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاہدے پر دستخط سے پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ میجر جنرل عماد عثمان نے پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرنا دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے۔
پاکستان کے سفیر سلمان اطہر نے اپنے ریمارکس کے دوران دونوں فریقین کو معاہدے پر کامیابی سے دستخط کرنے پر مبارکباد دی۔ پاکستان اور لبنان کو مشترکہ اقدار کے حامل برادر ممالک کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر ان کی باہمی حمایت پر زور دیا۔ سفیر نے معاہدے کے بنیادی مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے صحت عامہ اور حفاظت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے ہمارے معاشروں کو پہنچنے والے اہم نقصان کو تسلیم کرتے ہوئے، سفیر نے اس کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے، اپنی برادریوں کی حفاظت اورسالمیت کو محفوظ رکھنے کے لیے موثر حکمت عملیوں اور اقدامات کو نافذ کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ —