پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اعتراف کیا کہ مستقبل میں عالمی کرکٹ بھارت کے زیر اثر ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا بھارت کی کرکٹ مارکیٹ بہت بڑی ہے، اور عالمی کرکٹ کی آمدنی کا زیادہ انحصار بھارتی مارکیٹ سے ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اس وقت بھارت کرکٹ بورڈ دنیا کے تمام کرکٹ بورڈز سے کہیں زیادہ مالدار ہے اس لئے بھارتی کرکٹ بورڈ جو کہے گا عالمی کرکٹ میں وہی ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارت کی لیگ آئی پی ایل کے 5 سالہ نشریاتی حقوق عالمی کرکٹ میں ریکارڈ تاریخ ساز قیمت پر فروخت ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس نشریاتی حقوق کی فروخت کے بعد اب صرف آئی پی ایل کا ایک میچ سو کروڑ بھارتی روپے سے زائد قیمت کا ہو گا، یہ معاہدہ 2017 کے معاہدے سے تین گنا زائد ہے۔
شاہد آفریدی کے اس بیان کو کرکٹ کے حلقوں نے درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اس وقت آئی سی سی کے لئے کماؤ پوت کی حیثیت رکھتا ہے، جس کی بات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
Advertisement
یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں نشریاتی حقوق کے حوالے سے کہا تھا کہ بورڈ کو اس معاہدے سے 483.9 بلین بھارتی روپے وصول ہوئے ہیں۔
جے شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ آئی پی ایل اب فی میچ ویلیو کے لحاظ سے دنیا کی دوسری سب سے زیادہ قابل قدر کھیلوں کی لیگ ہے۔