پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدر کے معدے کے علاج کا تمام خرچہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 36 سالہ وکٹ کیپر کو معدے میں انفیکشن ہو گیا ہے، انہوں نے پی سی بی سے طبی اخراجات کے لیے مدد کی اپیل کی تھی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان اور جی ایم ڈومیسٹک جنید ضیا نے سابق کھلاڑی کی عیادت کی۔
اس موقع پر ندیم خان اور جنید ضیا نے پی سی بی کی جانب سے طبی اخراجات کے لئے ذوالقرنین حیدر کو چیک دیا، وکٹ کیپر بیٹسمین نے طبی اخراجات اٹھانے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین ذوالقرنین حیدر نے ایک ٹیسٹ اور چار ون ڈے میچز کے علاوہ تین ٹی ٹوئنٹی میچ میں حصہ لیا۔
اپنی بیماری کے حوالے سے ذوالقرنین نے بتایا تھا کہ عمان میں باسی کھانا کھانے سے ان کے معدے میں خطرناک انفیکشن ہو گیا ہے۔
Advertisement
انفیکشن کی وجہ سے معدے میں زخم ہو گئے ہیں جن کی وجہ سے پیٹ میں کیمیکل پھیل گیا ہے۔
ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ میں بیرون ملک علاج کے اخراجات کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لیے میں نے لاہور آ کر اپنا آپریشن کرایا۔