بھارتی سپریم کورٹ نے بی جے پی کی انتہا پسند لیڈر نوپور شرما کی گرفتاری کو مؤخر کردیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو دس اگست تک نوپور شرما کی گرفتاری سے روک دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ میں بروز منگل نوپور شرما کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے بی جے پی کی رہنما کے خلاف گستاخانہ بیان پر درج مقدمات کے معاملے پر ریاستی حکومتوں سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دس اگست تک ملتوی کردی۔
نوپور شرما نے نئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ یکم جولائی کو سپریم کورٹ نے ان سے متعلق سخت تبصرہ کیا تھا جس کی وجہ سے ان کی جان کو خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
یاد رہے، نوپور شرما نے اپنے خلاف 8 ریاستوں میں درج 9 مقدمات میں گرفتاری نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور تمام مقدمات کو یکجا کرکے دہلی منتقل کرنے کی درخواست کی، درخواست میں مرکز کے علاوہ 8 ریاستوں دہلی، مہاراشٹر، تلنگانہ، مغربی بنگال، کرناٹک، جموں و کشمیر اور آسام کو فریق بنایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس نے ایک پاکستانی کو گرفتار کیا ہے جو نوپور شرما کو قتل کرنے کیلئے ہندوستان میں داخل ہوا تھا۔
Advertisement