مغربی افریقی ملک مالی کے جنوب مغرب میں گزشتہ روز عسکریت پسندوں کے دو حملوں میں 15 فوجی اور 3 شہری مارے گئے۔ واضح رہے کہ یہ غیر مستحکم مسلم اکثریتی ساحلی ریاست طویل عرصے سے القاعدہ اور داعش کے جنگجوؤں کے نشانے پر ہے۔
پچھلے ایک ہفتے کے دوران القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کا یہ تیسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے جمعے کے روز دارالحکومت بماکو کے باہر مالی کے سب سے اہم فوجی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے دو کار بم دھماکے کیے تھے۔ اس سے ایک روز قبل ہی انہوں نے سلسلہ وار کئی حملے کیے تھے۔
مالی کی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز کیے گئے اس مربوط حملے میں تین فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق سونکولو کے فوجی کیمپ پر ہونے والے حملے میں چھ فوجی جوان ہلاک اور 25 دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔
کالومبا میں ایک فوجی کیمپ پر علی الصبح ہونے والے حملے میں نو فوجی اور تین سویلین مارے گئے۔ تیسرا حملہ وسطی قصبے موپتی میں ایک فوجی کیمپ پر ہوا تاہم وہاں سے فی الحال کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ فوج نے اپنے بیان میں بتایا کہ سونکولو میں تصادم کے دوران 48 جنگجو بھی مارے گئے۔
Advertisement
القاعدہ اور داعش سے وابستہ جنگجو ملک بھر میں واقع فوجی اڈوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ القاعدہ سے وابستہ تنظیم مسینا کٹیبا آف امادو کوفہ کے جنگجوؤں نے جون میں بنکاس علاقے میں حملہ کر کے 132 شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
مالی کی فوج نے روسی ماہرین کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے حالیہ مہینوں میں ان عسکریت پسندوں کے خلاف سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
Advertisement