ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیاں میچ نے کرکٹ مداحوں کے دل کی دھڑکنیں بڑھا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو ہونے والے اس ہائی وولٹیج میچ پر سب کی نظریں جمی ہیں اور اس بڑے میچ کو لے کر ابھی سے ماحول بن چکا ہے لیکن میچ کے دن میلبورن میں متوقع بارش نے مایوسی پھیلا دی ہے۔
میلبورن میں 23 اکتوبر کو تقریبا 80 فیصد بارش کا امکان ہے اور میچ کیلئے کوئی اضافی دن نہیں رکھا گیا ہے، ایسے میں اگر میچ نہیں ہوتا ہے تو دونوں ہی ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔
پاکستان اور بھارت کو ایک ایک پوائنٹ ملنے کی صورت میں اس کا فائدہ کس کو اور کس طرح سے ہوگا، آئیے اس کی تفصیل جانتے ہیں ۔
یاد رہے کہ سپر 12 میں پاکستان اور بھارت کے گروپ میں جنوبی افریقہ و بنگلہ دیش بھی ہیں جبکہ دیگر دو ٹیمیں کوالیفائنگ راونڈ سے آئیں گی۔
Advertisement
پاکستان اور بھارت کو سپر 12 میں پانچ پانچ میچز کھیلنے ہیں، ایسے میں اگر ان کا یہ میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا جاتا ہے تو باقی چار میچز دونوں کیلئے کافی اہم ہوجائیں گے۔
اگر پاکستان اور بھارت دونوں اس دوران تین تین میچ جیتنے میں کامیاب رہے اور ایک ایک میچ میں ہار ملی تو دونوں کے سات سات پوائنٹس ہوجائیں گے کیونکہ ایک میچ جیتنے پر دو پوائنٹس ملتے ہیں۔
وہیں اگر جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچ میں سے چار میچ جیتنے میں کامیاب رہی تو اس کے آٹھ پوائنٹس ہوں گے اس صورتحال میں پاکستان اور بھارت میں سے ایک ہی ٹیمی سیمی فائنل میں جا سکے گی۔
پاکستان اور بھارت کے مابین میچ منسوخ ہونے کا مطلب ہے کہ گروپ میں کمزور ٹیم کے خلاف جس ٹیم کو بڑی جیت ملے گی، اس کو اچھے رن ریٹ کا فائدہ ملے گا، تاکہ اگر مگر تک بات نہ پہنچے۔
یاد رہے کہ 2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم سیمی فائنل سے اس لئے باہر ہوگئی تھی، کیونکہ اس کا رن ریٹ پاکستان اور آسٹریلیا سے کم تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کو دیکھیں تو پاکستان کی ٹیم پانچ مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ وہیں بھارتی ٹیم تین مرتبہ ہی ایسا کرسکی ہے اور جنوبی افریقہ کی ٹیم دو مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔
Advertisement