افغان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر، محمد نبی نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد افغان ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں آج افغانستان کا مقابلہ میزبان ٹیم آسٹریلیا سے ہوا جس میں انہیں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میچ میں افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا جیسی ٹیم سے کڑا مقابلہ کیا تاہم انہیں 4 رنز سے شکست ہوئی جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کا سفر ختم ہوگیا ہے۔
ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر جہاں افغان کھلاڑی افسردہ دکھائی دیے وہی افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
محمد نبی کا سماجی رابطے کی سائٹ پر کپتانی سے سبگدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال سے ٹیم کی تیاری ایسی نہیں تھی جو ایک کپتان بڑے ایونٹ کے لیے ٹیم سے چاہتا ہے۔
Advertisement
pic.twitter.com/oSpzXxMFGB
— Mohammad Nabi (@MohammadNabi007) November 4, 2022
انہوں نے لکھا کہ پچھلے کچھ دوروں میں ٹیم انتظامیہ، سلیکشن کمیٹی اور وہ ایک پیج پر نہیں تھے جس کے اثرات ٹیم پر مرتب ہوئے۔
Advertisement
انہوں نے مزید لکھا اس تمام صورت حال میں وہ کپتانی سے مستعفی ہورہے ہیں لیکن بطور کھلاڑی کھیل جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ محمد نبی کو گذشتہ سال راشد خان کے بطور کپتان استعفیٰ دینے کے بعد کپتان بنایا گیا تھا جب کہ راشد خان نے کپتان بننے کے آدھے گھنٹے بعد ہی استعفیٰ دیا تھا۔
Advertisement