قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے انتظار کی گھڑیاں بس اب چند لمحوں میں ختم ہونے والی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کچھ ہی دیر میں شروع ہونے جا رہی ہے، یہ افتتاحی تقریب البیت اسٹیڈیم الخور میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں 60 ہزار شائقین فٹ بال کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کی افتتاحی رنگارنگ تقریب کے بعد میزبان قطر اور ایکواڈور کے مابین مقابلے سے عالمی ایونٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گا، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہو گا۔
قطر بحیثیت ایک فٹ بال ٹیم پہلی بار 1940 میں عالمی فٹ بال میں نمودار ہوا تھا، قطر کی قومی ٹیم نے اپنا باضابطہ میچ 27 مارچ 1970 کو میزبان بحرین کے خلاف کھیلا تھا جس میں اسے 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
قطر کی فٹ بال ٹیم نے 1977 میں اپنا پہلا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کھیلا تھا، جبکہ 2019 میں اپنا پہلا ایشین کپ ٹائٹل جیتا تھا۔
Advertisement
مشرق وسطیٰ میں ہونے والے پہلے عالمی فٹ بال ورلڈ کپ کے اس میلے کی تیاری میں قطر کو ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ کئی بلین ڈالرز خرچ کرنے پڑے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کو فیفا ورلڈ کپ میں آنے والے غیر ملکی شائقین کے پیش نظر دوبارہ تیاری کے مراحل سے گزارا گیا۔
شائقین البیت فٹ بال اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، افتتاحی تقریب میں لائیو پرفارمنس میں 900 کوریو گرافرز اور لائٹنگ ٹیکنیشن شرکت کریں گے۔
شائقین فٹ بال کی ایک بڑی تعداد براستہ دبئی فیفا ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے دوحہ پہنچ رہی ہے، دبئی کو قطر کا سفر کرنے والوں کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کر رہا ہے۔
دبئی کی پولیس نے شائقین فٹ بال سے درخواست کی ہے کہ وہ ملکی قوانین کا احترام کریں اور عوامی مقامات پر الکحل پینے سے گریز کریں۔
Advertisement