یوم پاکستان کے موقع پرسفارت خانہ پاکستان کی جانب سےعشائیہ تقریب کااہتمام
وزیربرائے رواداری وبقائے باہمی عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کی خصوصی شرکت
متعددچیلنجزکے باوجودپاکستان نے سائنس،ٹیکنالوجی اور انسان دوستی میں ترقی کی منازل طے کیں
متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں(فیصل نیازترمذی)۔![]()
ابوظہبی(اردوویکلی)::۔83ویں یوم قراردادپاکستان کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی نے پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل کے تعاون سے ابوظہبی کے ایک مقامی ہوٹل میں پروقاراستقبالیہ عشائیہ تقریب کااہتمام کیا۔جس میں میں بڑی تعداد میں مختلف ممالک کے سفراکرام ،سفارتی عملے، متحدہ عرب امارات کے حکام،قونصل جنرل پاکستان حسن افضل خان، ممتاز کاروباری شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔وزیربرائے رواداری وبقائے باہمی عزت مآب شیخ نہیان مبارک آلنہیان کی خصوصی شرکت ۔
سفیرپاکستان نے مسزہانیہ رئیس ترمذی،قونصل جنرل حسن افضل خان،صدرپاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ڈاکٹرسیدقیصرانیس،افسران سفارت خانہ پاکستان کے افسران اورممتازکمیونٹی ممبران کے ہمراہ تقریب میں آنے والے مہمانوں کاپرتپاک استقبال کیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نےعشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےقومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی کیونکہ اس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی۔ یہ دن 1947 میں پاکستان کے قیام اور بعد میں قوم کی تعمیر اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک طویل اور مشکل جدوجہد کا بھی نشان ہے۔سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج کا پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی، آرٹ، طب اور انسان دوستی کے میدان میں بہت سی کامیابیوں کی داستانوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ پاکستان تمام بیرونی اور اندرونی خطرات سے ناقابل تسخیر دفاع تیار کرنے میں بھی کامیاب رہا ہے۔ آج کا پاکستان مضبوط، پراعتماد، معتدل اور تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
سفیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان نے زبردست مواقع پیش کیے ہیں۔ جیسے کاروبار کرنے میں آسانی 39 درجے بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان عالمی جدت طرازی میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے خطے کی قیادت کر رہا ہے۔ پاکستان کے سماجی تحفظ کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔
استقبالیہ کی اہم جھلکیوں میں جمی انجینئر کے فن پاروں کی تصویری نمائش، استاد رئیس کی وائلن پرفارمنس، اور مسز ہانیہ رئیس ترمذی کی "پاکستان”کے عنوان سے نظم شامل تھیں۔عشائیہ تقریب میں سابق سفیراحسان اللہ خان،سابق ممبرایگزیکٹوبورڈابوظہبی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری حاجی خان زمان سرور،فوکل پرسن برائے اوورسیزعبدالہادی اچکزئی،چوہدری محمدصدیق،ملک محمدشہنازماہل،حاجی درازخان،ڈاکٹرہادی شاہد،میاں امجدجاوید،عبدالعزیزبنگش،وقاص احمدباچا،سرداربصیراحمد،نسیم اقبال،ڈاکٹرشفیق،عبدالرشیدبنگش، سمیت پاکستانی کمیونٹی کے مردوخواتین اورفیملیزکی کثیرتعدادنے استقبالیہ عشائیہ میں شرکت کی۔