
بھارتی فلم ساز انوراگ کشیپ اپنی بیٹی عالیہ کے ساتھ زیادہ وقت نہ گزارنے پر افسردہ ہیں۔
اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران انوراگ کشیپ کا کہنا تھا کہ جب میری بیٹی سیٹ پر آتی تھی تو وہ مجھ سے زیادہ عائدہ علی کے ساتھ گزارتی تھی جو امتیاز علی کی بیٹی ہے۔
واضح رہے کہ عالیہ انوراگ کشیپ اور انکی سابقہ اہلیہ آرتی بجاج کی بیٹی ہیں جو 2001 میں پیدا ہوئی تھیں۔
اپنے انٹرویو کے دوران انوراگ کشیپ کا کہنا تھا کہ میں اپنے پیاروں کو کھونے سے بہت خوفزدہ ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ مجھے بہت وقت بعد یہ احساس ہوا کہ ایک کے بعد ایک فلم کا پیچھا کرتے ہوئے میں اپنے پیچھے بہت کچھ چھوڑ آیا ہوں۔
بھارتی فلم ساز نے کہا کہ میں نے کئی چیزوں کو نظر انداز کیا، اب یہ چیزیں مجھے پریشان کر رہی ہیں، جب میری صحت میرے ہاتھ سے نکلتی جارہی ہے تو سوچتا ہوں کہ میرے پاس تو کچھ نہیں جو مجھے بچاسکے۔
انکا کہنا تھا کہ جب آپ اپنے آپ کو الگ تھلگ اور اکیلا محسوس کرتے ہیں تو ایسے وقت میں مجھے احساس ہوا کہ میں نے اپنے آپ کو خود ہی الگ تھلگ کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت آیا جب میری بیٹی بڑی ہوگئی، میں نے اس کی بچپن کی تصاویر دیکھیں تو احساس ہوا کہ میں نے کیا کھودیا ہے۔
انوراگ کا کہنا تھا کہ عائدہ علی اور انکی والدہ میری بیٹی کے بچپن کی کہانیاں سناتے ہیں اور میں خود سے سوال کرتا ہوں کہ آخر ان کہانیوں میں میں کہاں ہوں؟ اس کے بعد احساس ہوا کہ امتیاز اور اسکے اہلِ خانہ نے مجھ سے زیادہ میری بیٹی کے ساتھ وقت گزارا ہے۔
بھارتی فلم ساز نے کہا کہ اب اس موقع پر آپ جانتے ہی نہیں کہ اب معافی مانگنی چاہیے کہ نہیں؟ کیونکہ اب معافی کےلیے بہت دیر ہوگئی۔